خون حسین کے سوداگران


میری بڑی شدت خواہش ہے کہ کاش کے ایسا ہو وہ سارے فضائل علی ابن ابی طالب اور مصائب مولا حسین مظلوم بیان کرکے ان الفاظوں کی قیمتیں وصول کرنے والے بالخصوص وہ لوگ جو بارہ روز سے زائد دھرنے کا حصہ رہے اور متاثرین کی داد رسی کرتے رہے۔ وہ خواتین و حضرات جن کی رسائی ممبر تک ہے وہ معززین حکومت اور اداروں کے خلاف بیانیہ جاری کرتے رہے یہ عزت ماب افراد کم از کم اس سال ایام غم میں خون حسین ابن علی کی بولی نہ لگائیں۔

ایک صاحب ہیں جو ہر سال کینیڈا سے عبا سنبھالے پاکستان پیسے کمانے چلے آتے ہیں وہ بھی ذرا رحم کریں۔ ایک صاحب ہیں جو دبئی کے رہائشی ہیں مگر موسم غم حسین میں اپنا اکاؤنٹ بھرنے پاکستان کا رخ کرتے ہیں وہ بھی ذرا خیال کریں۔ ایک صاحب ہیں جو ہیں تو پاکستانی مگر اب سڈنی کے شہری ہیں وہ بھی کچھ شرم کریں۔ بھارتی خطیب تو مکمل ہوش کریں اور پاکستان نہ آئیں خون حسین کی بولی لگانے۔ ایک اور صاحب ہیں جو مولا حسین کے لہو کے ایسے بیوپاری ہیں کہ خیر سے اولادوں تک کو حسینی لہو برائے فروخت کے مشن پر لگا دیا ہے کہا جاتا ہے کہ جناب نے اپنے والد کے ایصال ثو اب کی مجلس بھی بلا معاوضہ نہیں پڑھی تھی ان سے بھی التماس ہے جناب والا ان ایام عزا میں ہی سہی، اپنا بزنس مفقود کردیں۔

ان صاحب کو بھی کچھ حیا ہونی چاہیے جن کا انداز بیان فرقے کی سبکی کا باعث بن رہا ہے۔ خیال تو ان جناب کو بھی ہونا چاہیے جو یا تو امام ضامن باندھ رہے تھے آج انداز ہی نرالے ہیں۔ خدا معلوم اسے منافقیت کا کون سا درجہ کہتے ہیں؟ میری خواہش ہیں بلکہ شدت خواہش ہے، ہاتھ اٹھا اٹھا کر مریثے، پہلو بدل بدل کا حدیثیں، بال ہلا کر نوحے پڑھ کر ان کی قیمت وصول کرنے والے اس سال خون آلود زلفوں کا درد سہتے ہوئے بلا معاوضہ امام عالی مقام کی خدمت کریں گے۔

میری یہ بھی خواہش ہے کہ ان بارہ روزہ محنت کے طفیل جن جن کو ان کے پیارے مل گئے ہیں وہ مائیں، بہنیں، بیویاں اور بیٹیاں اپنے پیاروں کو سمجھائیں گی کہ امام علی کی تعلیمات کے مطابق جس سر زمین پر رہا جاتا ہے اس سے وفا بھی نبھائی جاتی ہے سعودی عرب سے جہاد کی تمنا لے کر ایران کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے جس ریاست کا شناختی کارڈ رکھتے ہو اس کو بدنام نہیں کیا جاتا۔

ایسا ہی کچھ کہنا سعودی عرب کے عاشقوں کے لئے بھی ہے جو ایران کی دشمنی میں پاکستان کے لئے باعث خفت ہیں۔ بہرحال میں براہ راست مخاطب ہو ممبر اور نوحے و مریثے کے بولو کے سوداگروں سے، حضور اس سال ایام غم میں مولا حسین کے خون کی قیمت تو نہیں لگائیں گے ناں؟ کیوں کہ آپ نے بارہ دن تک منافقین پر لعنت بھیجی ہے آپ اس سال محبت حسین کا سہارا لے کر اپنے بینک اکاؤنٹ میں اضافہ کرنے کی منافیقت تو نہیں کریں گے ناں؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).