گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کرنے والے تمام دہشتگرد ہلاک: ایک سیکورٹی گارڈ شہید


بلوچستان کےساحلی شہر گوادر میں مسلح افراد نے فائیو اسٹار ہوٹل پر حملہ کر دیا، سیکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کر کے دیہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر ہوٹل میں پھنسے مسافروں اور عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 دہشت گردوں نے پرل کانٹی نینٹل (پی سی) ہوٹل گوادر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی دروازے پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے پی سی ہوٹل کا ایک سیکیورٹی گارڑ شہید ہو گیا۔

بلوچستان کے وزیر اطلاعات ظہور بلیدی نے کہاکہ فائیو اسٹار ہوٹل میں ہفتے کی شام 5 بجے 3 مسلح افراد داخل ہو گئے اور ہوٹل کے ایک حصے پر قبضہ کر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ،ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت جوابی کارروائی کی اور حملہ آوروں کو ہوٹل کے پہلے فلور تک محدود کر دیا۔

پولیس کے مطابق ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کئی گھنٹے جاری رہا جس کے دوران پی سی ہوٹل اور گردونواح سے فائرنگ کی آوازیں آتی رہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی ہوٹل کے اندر 40 چینی اور 30 پاکستانی شہری موجود تھے جنہیں سکیورٹی فورسز نے باہر نکال لیا تھا جس کے بعد کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردوں کو بالائی منزل پر جانے والی سیڑھیوں پر محصور کرلیا گیا ہے۔  تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تمام حملہ آوروں کو مار دیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).