خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری ضمانت پر رہا


لاہور ہائیکورٹ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور مرکزی رہنما پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ جسٹس قاسم علی خان اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کی درخواست ضمانتوں کی سماعت کی۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے پیر افضل قادری کی درخواست ضمانت 15 جولائی تک منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جبکہ خادم حسین رضوی کی ضمانت پر 15 جولائی کی قدغن نہیں لگائی گئی ہے اور وہ اب مقدمے کا فیصلہ ہونے تک ضمانت پر رہیں گے۔ ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کو پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ہائیکورٹ نے ملزمان اور استغاثہ کے دلائل مکمل ہونے پر 10 مئی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں کے خلاف بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی پیر افضل قادری نے ججز اور فوج کے خلاف متنازع تقریر پر معافی مانگتے ہوئے تحریک لبیک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).