برطانیہ میں ایک لاکھ 44 ہزار لوگ ڈارک ویب پر بچوں کی فحش فلمیں دیکھتے ہیں


برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ایک لاکھ 44 ہزار لوگ ڈارک ویب کے ذریعے بچوں کی فحش فلمیں دیکھ رہے ہیں ۔

برطانوی تفتیش کاروں کے مطابق ملک کے ایک لاکھ 44 ہزار لوگ ڈارک ویب پر جانے کیلئے گمنامی کی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہیں جس کے ذریعے ان کو پکڑنا لگ بھگ ناممکن ہوجاتا ہے۔ نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل لیان اوینز نے کہا ہے کہ برطانیہ کو منظم جرائم کی وجہ سے شدید نوعیت کے خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منظم جرائم سے نمٹنے اور بچوں کی ہراسانی کے واقعات کو روکنے کیلئے 2 اعشاریہ 7 ارب پاﺅنڈ کا بجٹ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ منظم جرائم پیشہ گروہ بچوں اور بزرگوں کو اپنا نشانہ بنارہے ہیں کیونکہ یہ دونوں طبقے خود کا دفاع کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔

نیشنل کرائم ایجنسی نے سالانہ رپورٹ میں انکشاف کیا کہ بچوں کی فحش ویڈیوز سے متعلق زیادہ تر مواد عام ویب سائٹوں پر دستیاب ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر سے مجموعی طور پر 29 لاکھ لوگ ڈارک ویب کا استعمال کر رہے ہیں۔ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بچوں کے خلاف آن لائن جرائم میں700 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں ایک لاکھ 81 ہزار لوگ ڈارک ویب کے ذریعے یا تو کسی منظم جرائم پیشہ گروہ سے منسلک ہیں یا پھر وہ بچوں کی فحش فلمیں دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ڈارک ویب کا نام گزشتہ برس زینب قتل کیس میں اس وقت گونجا تھا جب ملک کے معروف اینکر پرسن اور قیامت کی پیش گوئیاں کرنے کے ماہر ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا تھا کہ قصور کا مجرم عمران علی ڈارک ویب کے عالمی مافیا کا حصہ ہے۔ بعد ازاں ڈاکٹر شاہد مسعود سپریم کورٹ میں اپنا یہ دعویٰ ثابت نہیں کر پائے تھے جس کی پاداش میں انہیں تین ماہ کی پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).