مسلم لیگ (ن) باکردار جج صاحبان پر جعلی حکومت کے حملوں کی بھر پور مزاحمت کرے گی: مریم نواز


مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  ان کی جماعت باکردار اور شفاف شہرت کے حامل جج صاحبان پر سوچی سمجھی سازش کے تحت جعلی حکومت کے حملوں کی بھر پور مزاحمت کرے گی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ موجودہ نااہل حکومت ہی اداروں کی بدنامی کا باعث ہے۔ ہر ادارے کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا کر نالائق اعظم کی حکومت نے ملک کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔

انہوں نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل زاہد ابراہیم کے استعفیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زاہد ابراہیم کا اقدام جعلی اور ووٹ چور حکومت کے منہ پر ایک طمانچہ جس کی گونج دور دور تک سنائی دے گی۔ حکومتی احکامات کو ماننے سے انکار کر کے آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنے والے ججز کو ایک ایک کر کے ہٹایا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ ایمانداری اور دیانتداری کو جرم ٹھہرانا شرمناک ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے تین معزز جج صاحبان کے خلاف ریفرنس جعلی حکومت کا ایک اور آمرانہ اور خوف پر مبنی اقدام ہے۔ حق و انصاف کی ہر آواز کو کچلنے کا جو سلسلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج سے شروع ہوا وہ آج ظلم و جبر کی نئی سطح تک آن پہنچا ہے۔ وکلا برادری، دانشوروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور سیاسی جماعتوں کو عدلیہ پر اس دہشت گردانہ حملے کے خلاف وہی کردار ادا کرنا چاہیے جو انہوں نے ایک ڈکٹیٹر کے ایسے ہی اقدام کے خلاف کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).