جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور بزدل قوم


ویسے تو ہمارے عدالتی نظام میں ہمت نہیں کہ کوئی قابل، ایماندار اور سچا جج پیدا کرسکے لیکن میں خود حیران ہوں کہ اس نظام شوکت عزیز (سابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ) اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جیسے جج کہاں سے آگئے۔ چلیں شوکت عزیز صاحب کا انجام تو آپ دیکھ ہی چکے ہیں اب کچھ دونوں میں قاضی فائز عیسیٰ صاحب کا انجام بھی آپ کے سامنے ہوگا کیونکہ اس ملک میں جھوٹ بولنے اور غلامی کرنے کی رسم دور قدیمی سے چل رہی ہے گنتی کے کچھ لوگ جو کہ پس پردہ حاکم ہیں انہیں اس رسم سے انحراف کرنے والے پسند نہیں۔

شوکت عزیز سے آپ کو نظریاتی اختلاف ضرور ہوگا لیکن ایک بات آپ کو ماننی پڑے کی کہ اس بندے میں سچ بولنے کی ہمت تھی۔ میں 2013 سے پاکستانی سیاست کو دیکھ رہا ہوں اور بظاہر لگتا تھا کہ یہ بندہ کچھ لوگوں کو کھٹکتا ہے بہرحال 2019 میں فیصلہ ہوگیا اور حسب روایت جیسے پس پردہ حاکموں نے سیاستدانوں کو کرپشن کا الزام لگا کر عدالتی قتل کروایا، انہیں جلا وطن کیا، جیلوں میں بھیجا، نا اہل کروایا اسی طرح شوکت عزیز کو بھی گھر جانا پڑا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایک ایسے کیس کا فیصلہ سنایا جو بظاہر تو ایک صاف شفاف کیس تھا لیکن ایسے کیس کا فیصلہ ثاقب نثار جیسے بزدل جج نہیں کرسکتے۔ فیض آباد دھرنا کیا تھا؟ کیوں دیا گیا؟ خادم رضوی کون تھا؟ تحریک لبیک یارسول اللہ کا کیا تصور تھا؟ کسی کو نہیں پتا لیکن پس پردہ حاکموں نے ضیا الحق کی طرح مذہب کا سہارا لیا اور اپنے عزائم کی تکیمیل کے لیے کوشش کی (وہ الگ بحث ہے کہ وہ اس کوشش میں کس قدر کامیاب ہوئے) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے پاس یہ کیس کافی عرصہ چلا انہوں نے فیصلہ سنایا اور ان سے سب سے بڑی غلطی یہ ہوگئی کہ انہوں نے پس پردہ حاکموں کا نام لکھ دیا بس اس کے بعد ملک کے مخصوص طبقے نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو غدار، جھوٹا کہنا شروع کردیا حتی کہ پنجاب بار کونسل کے ایک حصے نے تو ان کے خلاف غداری کی قرارداد بھی منظور کروا دی۔

بہرحال ملکی تازہ ترین حالات سے لگتا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی صاحب کے تھوڑے دن باقی رہ گئے ہیں ان کا انجام شوکت عزیز سے برا بھی ہوسکتا ہے کچھ روز انہیں ذلیل کیا جائے گا غدار کہا جائے گا کوئی مفروضہ نکال کر ان پہ کرپشن ثابت کی جائے گا ثاقب نثار جیسا جج ان کے خلاف گواہی دے گا اور آخر کار عدلیہ کو اس کا پہلے والا وقار واپس مل جائے گا جس میں جج غلام ہوں گے اور فیصلے مرضی کے ہوں گے اور جسٹس قاضی فائز عیسی کو اس عدالتی نظام سے نکال کر ثبوت دیا جائے گا کہ جس نے بھی قدیم رواسم سے انحراف کیا اس کا انجام شوکت عزیز صدیقی اور قاضی فائز عیسیٰ جیسا ہوگا۔

اللہ سے دعا ہے کہ وہ جسٹس قاضی فائز کو ہمت دے اور ہمیں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی طاقت دے (کیونکہ ہم بزدل قوم ہیں)۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).