بلوچستان کے وکلا نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس پر احتجاج کی کال دے دی


بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے مشترکہ پریس کانفرنس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر احتجاج کی کال دے دی۔

وکلا تنظیموں کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ریفرنس دائر کرنے کے خلاف سوموار کو بلوچستان بھر میں عدالتی بائیکاٹ کیا جائے گا۔ صدر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن آصف ریکی نے کہا کہ ایسے اقدامات ہمارے لیے قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معزز جج کی کردار کشی قابلِ قبول نہیں۔

چیئرمین بلوچستان بار ایسوسی ایشن حاجی عطااللہ لانگو نے کہا کہ ریفرنس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف نہیں بلکہ آزاد عدلیہ کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 اگست اور فیض آباد دھرنے کے بارے مین فیصلے حکمرانوں کو ہضم نہیں ہو رہے۔

حاجی عطا اللہ لانگو نے کہا کہ آزاد عدلیہ کے لیے دی جانے والی قربانیاں اس طرح ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنس کے خلاف وکلا تنظمیوں کے اجلاس میں مشترکہ قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

صدر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن آصف ریکی نے اعلان کیا کہ عید کے بعد ملک بھر کے وکلا کے ساتھ مل کر احتجاجی لائحہ عمل طے کریں گے۔

(بشکریہ: حال حوال کوئٹہ)

Facebook Comments HS