کیا زرتاج گل کی بہن نے پی ایچ ڈی کر رکھی ہے؟ حکومت کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا


وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو دئیے جانے والے عہدے کے حوالے سے حکومت کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہو گیا۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ شبنم گل نے دہشت گردی اور فاٹا کے موضوع پر پی ایچ ڈی کر رکھی ہے تاہم نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق شبنم گل نے 2010 میں پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا لیکن نو سال گزرنے کے باوجود پی ایچ ڈی ابھی تک مکمل نہیں ہوئی ۔

واضح رہے کہ زرتاج گل کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کو نیکٹا میں تعینات کر کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ شبنم گل کو ڈیپوٹیشن پر نیکٹا کا ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔ شبنم گل اس تعیناتی سے قبل لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر تھیں۔ ٹی وی چینل کے مطابق شبنم گل ڈائریکٹر کی پوسٹ کیلئے شرائط بھی پورا نہیں کرتیں لیکن مبینہ طور پر زرتاج گل کی سفارش پر انہیں اہم عہدے پر تعینات کیا گیا۔

نیکٹا نے اس تعیناتی کی تصدیق کر دی ہے اور نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تعیناتی تین سال کے لئے ہے۔

Facebook Comments HS