وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو عمران خان کے جہاز میں بیٹھنے سے روک دیا گیا
سینئر صحافی اعزاز سید نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے دورہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو پیچھے چھوڑ دیا اور وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں جگہ کی کمی کے باعث سوار ہونے سے روک دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان گزشتہ ہفتے مکہ میں ہونیوالے اوآئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے گئے اور مبینہ طور پر شاہ محمود قریشی کو اکیلا چھوڑگئے۔ سینئر صحافی اعزاز سید کے مطابق ”سعودی عرب او آئی سی کانفرنس میں شرکت کے لیے روانگی کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود کو جگہ کی کمی کا کہہ کر وزیراعظم کے طیارے میں لے جانے سے انکار کر دیا گیا، وزیر خارجہ کو متبادل بندوبست کرنا پڑا“۔
اس ضمن میں سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی تاہم ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی کو آف لوڈ نہیں کیا گیا لیکن بروقت ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ وزیراعظم کے طیارے میں جگہ نہیں ہو گی، آپ اپنا انتظام کر لیں۔ یاد رہے کہ او آئی سی کی رکن ریاستوں کے سربراہان کے سیشن سے قبل وزرائے خارجہ کی سطح کی میٹنگز کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مکہ میمو سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی گئی۔ شاہ محمود قریشی نےاس اجلاس میں بروقت پہنچ کر پاکستان کی نمائندگی کی۔



