ملتان میں 10 افراد کے قتل پر آئی جی پنجاب عارف نواز برہم


آئی جی پنجاب عارف نواز نے عید کے روز ملتان میں 10 افراد کے قتل کے واقعہ پر اظہار برہمی کیا اور ڈی ایس پی کو معطل جبکہ سینئر افسران سے جواب طلب کر لیا ہے۔

آئی جی پنجاب عارف نواز نے ہنگامی ویڈیو لنک کانفرنس میں مقامی پولیس کو 48 گھنٹے میں تمام ملزمان کی گرفتاری کا الٹی میٹم دے دیا۔

عارف نواز نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے آر پی او خود پولیس اقدامات کی نگرانی کریں اور علاقے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سی پی او خود فیلڈ میں رہیں۔

آئی جی پنجاب نے علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے جاں بحق ہونے والوں کی آخری رسومات تک عارضی پولیس چوکی قائم کرنے اور کومبنگ آپریشنز کر کے 7 دن میں تمام جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا کی بستی جعفریں میں دیرینہ رنجش پر ایک ہی خاندان کے دو گروہوں نے فائرنگ کر کے ایک دوسرے کے 10 افراد کو قتل اور متعدد افراد کو زخمی کردیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).