میں نیب کے ریفرنسوں کی دھجیاں بکھیر دوں گا، نیب کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دوں گا: مولانا فضل الرحمن


جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری شاہ اویس نورانی کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے قومی احتساب بیورو (نیب) پر تند و تیز تنقید کی۔

صحافی  نے مولانا فضل الرحمن سے پوچھا کہ “مولانا! سنا ہے کہ آپ کے خلاف ریفرنس دائر کیا جا رہا ہے اور نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے 20 جون کو آپ کو طلب کیا ہے؟

اس کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا  کہ ” مجھےکسی نے طلب نہیں کیا۔  مجھےکوئی طلب بھی نہیں کرسکتا۔ بھاڑ میں جائیں ان کے ریفرنس۔ ۔ ۔ میں وہ آدمی نہیں ہوں جو اس قسم کے ریفرنسوں کے سامنے جھکوں گا۔ میں ان کے ریفرنسوں کی دھجیاں بکھیردوں گا۔ ۔ ۔ ۔ یہ ہوتے کون ہیں کہ ملک کے اندر اگر کوئی شرافت سے سیاست کرے تو اس کو شرافت سے سیاست کرنے نہ دیں؟ انصاف کاقتل کرنے والوں سے میں انصاف کی توقع نہیں رکھ سکتا۔ میں ان کوانصاف کے ادارے تسلیم نہیں کرتا۔ یہ انتقامی سیاست کرنے والے ادارے ہیں۔ میں ان کی فائلوں کو پھینک دوں گا ان کےسامنے۔ اگر انہوں نے ایسی جرات کی تو۔ ۔ ۔ چھٹی کادودھ یاد دلا دوں گا۔ ۔ ۔

فضل الرحمن نے اپنے باپ دادا سے بےغیرتی کی سیاست نہیں سیکھی۔ ہمارے اکابر نے تحریک آزادی میں اور جمعیت علماء ہند کے پرچم تلے آزادی کی جنگ لڑی ہے۔ یہ لوگ ہمیں غلام بنانا چاہتے ہیں؟ ہم پاکستان میں نہ کسی ادارے کےغلام ہیں اور نہ امریکہ اور مغرب کےغلام ہیں۔ ان شاءاللہ یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

ہم مرعوب نہیں ہیں۔ ان شاء اللہ ہم انہیں بتا دیں گے کہ احتساب کس چیز کا نام ہے؟ احساب ہم کریں گے۔ احتساب انہی اداروں کا کریں گے۔ احتساب انہی حکمرانوں کا کریں گے۔ احتساب انہی لوگوں کا کریں گے جو پاکستان میں احتساب کے نام پر سیاسی بدمزگی پیدا کر کے سیاسی کھیل کھیلنا چاہتے ہیں۔”


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).