سمجھنےکی فرصت کسے ہے؟


\"mubashir

’’دفتر کے کاموں سے فرصت ہی نہیں مل رہی۔ کیا کروں؟‘‘
میں نے اسد عباس سے کہا۔ وہ ہمارا پروڈیوسر ہے۔

میں نے اسے بتایا تھا کہ دفتر سے نیا فون ملا ہے۔ اس کے فنکشن میری سمجھ میں نہیں آرہے۔ مجھے ونڈوز فون کی عادت تھی۔ سیم سنگ فون اور اینڈروئیڈ سافٹ ویئر سے آشنائی نہیں۔

کئی دن سے حالت یہ ہے کہ دوست فون کررہے ہیں اور میں کال ریسیو نہیں کرپاتا۔ ٹچ فون ہے لیکن کہاں ٹچ کرنا ہے، یہ پتا نہیں چل رہا۔ فون ان لاک نہیں ہوتا۔ ان لاک ہوجائے تو کال یا ایس ایم ایس کہاں کھوگیا، سراغ نہیں ملتا۔ پرانی سم میں تمام کونٹیکٹ موجود ہیں لیکن نئے فون میں کہیں گم ہوگئے ہیں۔ کسی کی کال آتی ہے تو نام لکھا ہوا نہیں آتا۔ میں خود کال کرنا چاہوں تو فون ٹھینگا دکھاکے غش میں چلا جاتا ہے۔ فیس بک منہ چڑارہی ہے۔ ٹوئیٹر نام کی چڑیا نہ جانے کون سے گھونسلے میں چھپی بیٹھی ہے۔ وٹس اپ درجنوں پیغامات کا اشارہ تو کررہا ہے لیکن گھونگٹ اٹھانے کو تیار نہیں۔

اسد عباس نے کہا، ’’نئے نویلے فون نئی نویلی بیوی کی طرح ہوتے ہیں۔ کچھ وقت اسے دیں۔ یہ آپ کی سمجھ میں آجائے گا۔ آپ اس کی سمجھ میں آجائیں گے۔ پھر دونوں ہنسی خوشی رہنے لگیں گے۔‘‘

میں نے کہا کہ ’’دفتر کے کاموں سے فرصت ہی نہیں مل رہی۔ کیا کروں؟ اور یہ تم سے کس نے کہا کہ بیوی کو وقت دیں تو وہ سمجھ میں آنا شروع ہوجاتی ہے؟ شادی کرلو گے تو پھر پوچھوں گا۔ ارے بھائی، تم شادی کیوں نہیں کرتے؟‘‘

اسد نے مسمسی صورت بناکر کہا، ’’جو لڑکی شادی کو تیار ہوجاتی ہے وہ مجھے پسند نہیں آتی۔ جو مجھے پسند آتی ہے وہ شادی کو تیار نہیں ہوتی۔ کبھی قسمت سے، اور کچھ دیر کو، دونوں راضی باضی ہوجائیں تو کبھی اسے چھٹی نہیں ملتی، کبھی مجھے چھٹی نہیں ملتی۔ دفتر کے کاموں سے فرصت ہی نہیں مل رہی۔ کیا کروں؟‘‘

Facebook Comments HS

مبشر علی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریر میں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

mubashar-zaidi has 194 posts and counting.See all posts by mubashar-zaidi