حکومت پاکستان کا 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کا جھوٹ پکڑا گیا


ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی طرف سے بجٹ سپورٹ کی مد میں 3 ارب 40 کروڑ ڈالر فراہم کیے جانے کے اعلان سے لاتعلقی اختیار کر لی۔ہفتے کو 2 اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے اعلان کیا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک معاشی اصلاحات نافذ کرنے اور اقتصادی استحکام کی غرض سے بجٹ امداد میں 3 ارب 40 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔

سب سے پہلے یہ اعلان وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے ایک نیوز کانفرنس کیا جس کی تصدیق بعد میں وزیراعظم کے مشیرِ خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے اے ڈی بی کے 2 سینئر عہدیداروں سے ملاقات کے بعد اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بھی کی۔

ڈان نیوز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل وارنر لی پیچ سے ملاقات کے بعد ڈاکٹر حفیظ شیخ نے بتایا کہ پاکستان میں اصلاحات اور معاشی استحکام کے لیے اے ڈی بی بجٹ سپورٹ کی مد میں پاکستان کو 3 ارب 40 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ مالی سال 20-2019 کی پہلی سہ ماہی کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک 2 ارب 20 کروڑ ڈالر جاری کرے گا جس سے بیرونی اکاؤنٹ اور ذخائز کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے یہ بھی کہا کہ ’ہماری معاشی اصلاحات کے لیے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے اس عزم کو سراہتا ہوں‘۔

رپورٹ کے مطابق دوسری جانب پاکستان میں موجود ایشیائی ترقیاتی بینک کے دفتر نے ہفتہ وار تعطیل کے روز غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے ایک بیان جاری کیا جس میں حکومت پاکستان کے مذکورہ بالا اعلان سے لاتعلقی اختیار کی گئی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے حکومتی اراکین سے ہونے والے ملاقات اور اس میں قرضوں کے لیے بات ہونے کی تصدیق کی تاہم ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان شیاؤہونگ یانگ کا کہنا تھا کہ ’یہ بات چیت جاری ہے اور جب اے ڈی بی کی مالی مدد کی تفصیلات اور حجم کا فیصلہ کر لیا جائے گا تو اسے اے ڈی بی انتظامیہ اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سامنے منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا‘۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ قرض کے بارے میں جاری بات چیت کے حوالے سے حکومت کے قبل از وقت اعلان کے باعث ایشیائی ترقیاتی بینک کو شرمندگی کا سامنا پڑا کیوں کہ یہ معاملہ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سامنے بھی پیش نہیں کیا گیا تھا۔

روز نامہ ڈان کے مطابق ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کسی حکومتی بیان پر خود تبصرہ کرے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کرنے والے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے وفد کے پاس خود سے قرض پروگرام کو حتمی شکل دینے کا اختیار نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).