وزیراعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی بنانے کا منصوبی ختم کر دیا گیا: عمران حکومت کا ایک اور یوٹرن


تحریک انصاف کی حکومت نے ایک اور تاریخی یوٹرن لے لیا، وزیراعظم ہاﺅس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ختم کر دیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق پہلے حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ وزیراعظم ہاﺅس میں ایک یونیورسٹی بنائی جائے گی تاہم اب اس منصوبے کو ختم کرتے ہوئے وہاں ایک انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی انسٹیٹیوٹ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے سربراہ اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عطاءالرحمن کو وزیراعظم ہاﺅس میں یونیورسٹی بنانے کے منصوبے پر کام روکنے اور اس نئے پراجیکٹ پر کام کرنے اور اس کا پی سی 1 تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2019ء میں وزیراعظم ہاﺅس میں یونیورسٹی کے قیام کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس تقریب پر 3 کروڑ روپے لاگت آئی تھی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی قائم کرنے کا آرڈیننس، پی سی 1 اور فیزیبلٹی رپورٹ وغیرہ تیار ہو چکی تھی۔ تاہم اتنا خرچ کرنے کے بعد اب حکومت نے اس پلان پر نظرثانی کرتے ہوئے منصوبے کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ پیش کیے گئے بجٹ میں بھی وزیراعظم ہاﺅس میں بنائی جانے والی اس یونیورسٹی کے لیے فنڈز نہیں رکھے گئے۔

Facebook Comments HS