ورلڈ کپ 2019: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ویراٹ کوہلی پر 25 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد


ویراٹ کوہلی

آئی سی سی کے مطابق ویراٹ کوہلی نے افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی

انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویراٹ کوہلی پر آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ویراٹ کوہلی نے سنیچر کو ساوتھ تھپٹن میں افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.1 کی پہلی سطح کی خلاف ورزی کی جو ’کسی بھی بین الاقوامی میچ میں ضرورت سے زیادہ اپیل کرنے‘ سے متعلق ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’بولر کوئی بھی ہو مجھے صرف گیند ہی نظر آتی ہے‘

کوہلی کے لیے انڈیا کو تیسرا ورلڈ کپ جتوانا کتنا مشکل ہے؟

وراٹ کوہلی کے نئے ریکارڈز کا سلسلہ جاری

’جب وراٹ کوہلی کو کوئی مسئلہ نہیں تو—‘

سنیچر کو کھیلے جانے والے میچ میں یہ واقعہ افغانستان کی اننگز کے 29ویں اوور میں پیش آیا تھا جب انڈین بولر جسپریت کی گیند افغانستان کے بلے باز رحمت شاہ کے پیڈز پر لگی تھی اور انڈین ٹیم کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد کر دی گئی تھی جس پر ویراٹ کوہلی انتہائی جارحانہ اور جذباتی انداز میں ایمپائر علیم ڈار کی جانب اپیل کرتے ہوئے بڑھے تھے۔

ویراٹ کوہلی

کوہلی نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری کرس براڈ کی جانب سے مجوزہ جرمانہ عائد کرنے کی پابندی کو قبول کیا ہے۔ کرس براڈ آئی سی سی کے اماراتی میچ ریفری پینل کے معزز رکن ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ویراٹ کوہلی کی جانب سے غلطی کے اعتراف اور جرمانہ قبول کرنے کے بعد اس معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت نہیں ہے۔

تاہم اس کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے ویراٹ کوہلی کے نظم و ضبط کے ریکارڈ میں ایک منفی پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے، جو کہ سنہ 2016 میں ضابطہ اخلاق میں ترمیم کے بعد سے کوہلی کا دوسرا منفی پوائنٹ ہے۔

کوہلی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پہلا منفی پوائنٹ 15 جنوری 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف پریٹوریا ٹیسٹ کے دوران ملا تھا۔

کوہلی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات آن فیلڈ ایمپائر علیم ڈار، رچرڈ النگورتھ، تھرڈ ایمپائر رچرڈ کیٹل براح اور چوتھے اہلکار مائیکل گوف نے عائد کیے تھے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ضابطہ اخلاق کی پہلی سطح کی خلاف ورزی پر کم از کم سرکاری طور پر سرزنش کرنا اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنا اور ایک یا دو منفی پوائنٹ دینا شامل ہیں۔

ویراٹ کوہلی

ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے پر ویراٹ کوہلی انتہائی جارحانہ اور جذباتی انداز میں ایمپائر علیم ڈار کی جانب بڑھے تھے

واضح رہے کے ان قوانین کے مطابق جب کسی بھی کھلاڑی کے دو سال کے عرصے میں دو منفی پوائنٹ ہوتے ہیں تو اس پر ایک ٹیسٹ یا دو بین الاقوامی ایک روزہ میچ یا ٹی ٹوئنٹی میچ جو بھی پہلے آ جائیں، کھیلنے پر پابندی لگ جاتی ہے۔

جب کہ اگر کسی کھلاڑی کے دو سال کے عرصے میں چار منفی پوائنٹس ہو جائیں تو کھلاڑی کو معطل کر کے کھیلنے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

منفی پوائنٹس کسی بھی کھلاڑی یا سپورٹ سٹاف کے نظم و ضبط کے ریکارڈ میں دو سال تک رہتے ہیں جس کے بعد انھیں ریکارڈ سے نکال دیا جاتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp