اداکارہ انجمن نے گھر اور گاڑی لینے کی تردید کر دی لیکن لکی علی سے شادی کی اصل وجہ بتا دی


لیجنڈ پنجابی اداکارہ انجمن نے پروڈیوسر اور فلمسٹار وسیم احمد عرف لکی علی سے نکاح کر لیا اور کہا ہے کہ اکیلے پن کے باعث زندگی گزارنا مشکل تھی۔۔ تنہائی دور کرنے کے لئے جیون ساتھی چنا۔ انہوں نے گھر اور گاڑی لینے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اپنے بچوں سے اس بات کی اجازت لی۔ میرے متعلق افواہیں پھیلانے والے سوچ سمجھ کر بات کریں۔ سدا کسی نے نہیں رہنا۔ جو زندگی ہے، اسے پیار محبت سے گزارنا ہی بہتر ہوتا ہے۔

انجمن نے بتایا کہ نکاح کرنے کی سب سے بڑی وجہ تنہائی اور اکیلا پن تھا۔ لکی علی بہت اچھے انسان ہیں۔ ان کے خاندان نے مجھے عزت دی اور قبول کیا۔ مجھے تحفظ کا احساس دیا۔ گھر۔ گاڑی اور دولت سب میرے پاس پہلے سے موجود ہے۔ ڈیفنس میں ایک کنال کا گھر ہے۔ کوئی کسی کو اپنا نام دے، شریک سفر بنا لے۔ اس سے بڑھ کر اور کیا بات ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپ کا شرعی حق ہے کہ اپنی زندگی کا اچھا فیصلہ کریں۔ لکی علی سے پرانی جان پہچان نہیں تھی۔ پانچ ماہ پہلے باقاعدہ ملاقات ہوئی۔ انجمن نے کہا کہ نکاح کرنا کوئی بری بات نہیں۔ میں اچھے جیون ساتھی کی تلاش میں تھی۔ لکی علی خود آرٹسٹ رہے ہیں۔ انہوں نے شوقیہ طور پر کام کیا اور فلمز بھی بنائیں۔ وہ مجھے سمجھتے ہیں۔ ان سے بہتر میرے پاس انتخاب نہیں تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پرستار میری اچھی زندگی کے لئے دعا کریں۔ میں فلم انڈسٹری سے وابستہ رہوں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).