انڈیا: مذہبی تقریب کے لیے ہاتھیوں کی منتقلی کا حکم ’شدید گرمی کے پیشِ نظر’ معطل


جگن ناتھ مندر

احمد آباد کے جگن ناتھ مندر میں ہاتھیوں کا سالانہ جلوس منعقد کیا جاتا ہے۔

انڈیا کی ریاست آسام میں محکمہ جنگلی حیات کے حکام نے چار ہاتھیوں کو 3100 کلومیٹر (یا 1926 میل) کے ایک سفر پر بھیجنے کے منصوبے پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

ان ہاتھیوں کو ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ایک مندر میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے بھیجا جانا تھا۔

مگر جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا احتجاج تھا کہ یہ طویل سفر جانوروں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفر کے روٹ پر شدید درجہ حرارت جانوروں کی موت کا بھی سبب بن سکتا ہے۔

توقع کی جا رہی تھی کہ یہ ہاتھی جگن ناتھ مندر میں ہونے والی سالانہ رتھ یاترا میں شرکت کے لیے 4 جولائی سے پہلے احمد آباد پہنچ جائیں گے۔ آسام سے احمد آباد تک کا فاصلہ ٹرین کے ذریعے طے کرنے میں عموماً تین سے چار دن لگتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جےپور کے ’ہاتھی گاؤں‘ کے ویران ہونے کا خطرہ

رنگ برنگے اونی کمبل اوڑھے ہاتھی کے بچے

آخر ہاتھی اتنا کم کیوں سوتے ہیں؟

جمعرات کو ایک تحریری حکم نامے میں آسام کے محکمہ جنگلی حیات کی اعلیٰ ترین اہلکار رنجنا گپتا نے کہا کہ ہاتھیوں کی منتقلی کی اجازت ‘معطل کی جا رہی ہے۔’

ایک پیراگراف پر مشتمل مختصر حکم نامے میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ‘انڈیا کے شمال مغربی علاقوں میں گرمی کی حالیہ لہر کے پیشِ نظر’ کیا جا رہا ہے۔

جانوروں کے حقوق اور ان کی حفاظت کے لیے سرگرم کارکنان نے، جنھوں نے ہاتھیوں کی منتقلی کے منصوبے کو ‘ظالمانہ اور مکمل طور پر غیر انسانی’ قرار دیا تھا، اس نئے حکم نامے کا خیر مقدم کیا ہے۔

کئی افراد نے سوالات اٹھائے تھے کہ جب ہاتھیوں کے مجوزہ روٹ پر واقع کئی مقامات پر درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی زیادہ ہے تو ایسے وقت میں جانوروں کو کیوں منتقل کیا جا رہا ہے۔

جانوروں کے حقوق کے چند کارکنوں نے گوہاٹی ہائی کورٹ میں پٹیشن تک دائر کی تھی جس میں محکمہ جنگلی حیات کے حکام سے جانوروں کے تحفظ اور ان کی صحت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نیا حکم نامہ جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

گزشتہ چند برسوں میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے، جو کہ خود بھی گجرات سے تعلق رکھتے ہیں، اس میلے اور ہاتھیوں کے جلوس میں شرکت کی ہے مگر مندر کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال ان کی شرکت کی امید نہیں کی جا رہی۔

مندر کے ایک ٹرسٹی نے بی بی سی گجراتی کو بتایا کہ مندر کے اپنے تین ہاتھیوں کی گزشتہ سال بڑی عمر کی وجہ سے وفات کی وجہ سے انھوں نے آسام سے ہاتھی ‘ادھار’ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32537 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp