پیپلزپارٹی کے ساتھ مشترکہ جلسہ سیاسی غلطی، کسی عالمی شخصیت نے نواز شریف یا زرداری کے لئے این آر او نہیں مانگا: جہانگیر ترین


پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ مشترکہ جلسہ ہماری سیاسی غلطی تھی۔ کابینہ میں رد و بدل ہو گا تاہم اسد عمر کی واپسی کا کچھ نہیں کہہ سکتا۔ میری نا اہلی بیلنسنگ ایکٹ تھا۔ کسی عالمی شخصیت نے نواز شریف یا زرداری کے لئے این آر او نہیں مانگا۔ حکومت اپنی 5 سالہ مدت پوری کرے گی۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی پچھلے دور حکومت میں بھی ایک دوسرے کے ساتھی تھے۔ پیپلزپارٹی کے ساتھ مشترکہ جلسہ ہماری سیاسی غلطی تھی۔ ہمارے ووٹرز نے ہمیں بہت برا بھلا کہا تھا۔ یہ ہمارے لیے سبق تھا۔ ہم نے سینیٹ میں پیپلزپارٹی کا ساتھ سیاسی بنیادوں پر دیا تھا۔ پیپلزپارٹی نے خیبرپختو نخواہ میں ہمارے ایم پی ایز کو خریدا تھا۔ اس وجہ سے ہم نے اپنے 15 سے 16 ایم پی ایز کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ کی قیادت کرپشن کی وجہ سے جیل میں ہے۔ ملک میں منتخب حکومت ہے۔ سب کچھ قانون کے مطابق ہو رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے لئے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے پاس نمبر زیادہ ہیں تاہم اس حوالے سے اپوزیشن کو متفق ہوتا نہیں دیکھ رہا۔ چیئر مین سینیٹ کی تبدیلی کا معاملہ بہت اہم ہے تا ہم ن لیگ کا ساتھ دینا پیپلزپارٹی کے مفاد میں نہیں ہے۔ اگر پی پی پی نے چیئر مین سینیٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تو غلطی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹ ہماری ضرورت ہیں۔ اگر ہم ملک میں تبدیلی نہ لا سکے تویہ ہماری ناکامی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں میں بتدیریج اضافے کی ذمہ دار گزشتہ حکومت کی ناکام پالیسی ہے تاہم چینی کی قیمت میں اضافے کی تحقیقات ہونی چاہیں۔ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے 5000 افراد کو لٹکانے والا بیان جذبات میں آ کر دیا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ کسی عالمی شخصیت نے نواز شریف یا زرداری کے لئے این آر او نہیں مانگا۔ مڈٹرم انتخابات سیاسی نعرہ ہے۔ ہم اپنی 5 سالہ مدت پوری کریں گے اور ملک کو تبدیل کریں گے۔ صرف تھوڑا عرصہ برداشت کرنا پڑے گا۔

اپنے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی جو بھی ذمہ داری مجھے دیتی ہے میں اس کو پورا کرتا ہوں۔ الیکشن 2018 کے بعد وزیراعظم عمران خان نے میرے ذمے لگایا کہ آزاد امیدواروں کو تحریک انصاف میں شامل کرنے کیلئے کوشش کروں۔ میرے جہاز پر اکثر تنقید کی جاتی ہے لیکن اس کام کے عوض عوام نے بےانتہا پذیرائی دی جس کی بہت خوشی ہے۔ میں اکیلا نہیں بلکہ میرےساتھ انتہائی تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).