لوگ فلموں میں کام کے بدلے مجھے گرل فرینڈ بنانا چاہتے ہیں: ملیکا شراوت


اداکارہ ملیکا شیراوت کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے فلموں میں کاسٹ نہیں کرنا چاہتے بلکہ گرل فرینڈ بنانا چاہتے ہیں۔ ملیکا شراوت نے ماضی میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہیں آف اسکرین رومانس سے انکار کے باعث کئی فلموں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں لوگ مجھے گرل فرینڈ کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

ملیکا شراوت نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہیروز اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے بجائے اپنی گرل فرینڈز کو کاسٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے نام لیے بغیر بتایا کہ انہیں ہر معاملے اور مسئلے پر رائے رکھنے اور آواز اٹھانے کی وجہ سے نظر انداز کیا جا رہا ہے اور انہوں نے کئی اداکاروں کو اپنی فلموں میں ان کی جگہ گرل فرینڈز کو کاسٹ کرتے ہوئے دیکھا۔

اداکارہ نے کسی بھی فلم یا کسی بھی اداکار کی گرل فرینڈ کا نام لئے بغیر دعویٰ کیا کہ انہیں اس وقت سے نظر انداز کیا جانے لگا ہے جب سے بولی وڈ میں خواتین کی اہمیت و حیثیت پر بات کرنے سمیت دیگر معاملات پر اپنی رائے دینے لگی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق جب وہ ماضی میں خواتین کے حقوق اور بولی وڈ میں خواتین کی عزت و حیثیت پر بات کرتی تھیں تو کسی کو ان کی بات سمجھ نہیں آتی تھی، اب حالات کچھ بدلنے لگے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ اداکاروں کی وجہ سے انہیں 20 سے 30 فلموں میں کام نہیں مل سکا۔ رپورٹ کے مطابق اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود کچھ بولی وڈ اداکاروں کو یہ کہتا سنا کہ ملکا شراوت ہر مسئلے پر بولتی ہے، اس لیے اسے فلموں میں کاسٹ مت کریں۔

یاد رہے کہ بولی وڈ میں کام کے بدلے جنسی تعلقات اور رومانس کی باتیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔ ماضی میں آئٹم گرل ملکا شراوت بھی یہ انکشاف کر چکی ہیں کہ ان سے کام کے بدلے جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا گیا۔ اداکارہ نے جولائی 2018 میں انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں ان سے کہا گیا کہ جس طرح وہ اسکرین پر لوگوں سے رومانس کرتی ہیں، اسی طرح آف اسکرین بھی رومانس کریں گی تو فلموں میں کام ملے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).