ہر سیاسی ارب پتی اب ضرب پتی ہے، اس کو ضربیں لگ چکی: حسن نثار


سینئر صحافی و اینکر حسن نثار نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے ملک ریاض جیسے بندوں کی باتوں کو بہت سنجیدگی سے سننا چاہئے۔ پاکستانیوں کو ایک قوم بنانے کے لئے ایک بہت بڑا آدمی چاہئے۔ اس میں گہرائی، گیرائی ، بصیرت، حکمت، ہمت ہونی چاہئے، یہ اتنا جان لیوا کام ہے۔ ہمارے ہاں ملاوٹ ہے، گندگی ہے، رشوت ہے، جہالت ہے، تعلیم کی کمی ہے، اخلاقیات کی کمی ہے۔

اس ملک کا ہر سیاسی ارب پتی اب ضرب پتی ہے۔ اس کی عزت اور اس کی ساکھ کو ضربیں لگ چکی ہیں لیکن یہ اتنے ڈھیٹ لوگ ہیں یہ سیکھتے ہی نہیں ہیں۔ یہ اس ذلت آمیز مرحلے سے گزرتے ہوئے بھی فتح کے نشان بناتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے کوشش کی تھی کہ مذہب کو منفی طور پر استعمال کریں مگر بلاول نے یہ آئیڈیا سختی سے مسترد کر دیا۔ مذہب کے اس طرح کے استعمال نے مسلمانوں کو بہت زیادہ رسوا کیا ہے۔ بلاول اس کے بعد بہت قد آور لگنے لگا ہے۔

ہم آج تک ایک قوم کیوں نہیں بن سکے؟ اس سوال پر حسن نثار نے کہا کہ ہم ایک ہجوم ہیں، صرف خوابوں، خواہشوں اور خطابوں سے قومیں نہیں بنتیں۔ دنیا میں وہ لوگ انگلیوں پر گنے جا سکتے ہیں جنہوں نے ہجوم کو قوموں میں تبدیل کیا ہے۔

عثمان بزدار کی حکومت نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے اخراجات میں 58 فیصد کمی کی، صوبے میں 6 نئی یونیورسٹیاں، 9 نئے ہسپتال بنائے جا رہے ہیں اور لاہور میں کوئی کیمپ آفس نہیں ہے۔ اس کے باوجود، حسن نثار نے کہا کہ اثر شہباز شریف کا رہے گا۔ بزدار کا کچھ نہیں بننا۔ یہ اگر اپنے بجٹ میں 158 فیصد بھی کمی کر لے۔ یہ 6 کی جگہ 60 یونیورسٹیاں بنا دیں، 9 کی جگہ 90 ہسپتال بنا دیں، بزدار بزدار ہی رہیں گے، شہباز شریف شہباز شریف رہے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).