کوکو گاؤف: وینس ولیمز کو شکست دینے والی 15 سالہ کھلاڑی کون ہے؟


کوکو

لندن میں ومبلڈن گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ کا افتتاحی دن حیران کن نتائج سے بھرپور تھا لیکن کوئی بھی نتیجہ سات مرتبہ گرینڈ سلام مقابلے جیتنے والی امریکی وینس ولیمز کی 15 سالہ ہم وطن کوری گاؤف کے ہاتھوں شکست سے زیادہ غیرمتوقع نہیں تھا۔

کوکو کے نام سے معروف اس امریکی کھلاڑی نے 1968 میں لان ٹینس کے ’اوپن ایرا‘ کے آغاز کے بعد سے ومبلڈن کے مرکزی مقابلوں میں شرکت کے لیے کوالیفائی کرنے والی سب سے کم عمر کھلاڑی بن کر شہ سرخیوں میں تو جگہ پہلے ہی بنا لی تھی۔

تاہم جب پیر کو انھوں نے وینس ولیمز کو سنٹر کورٹ پر اپنے والدین اور بھرے مجمعے کے سامنے سٹریٹ سیٹ میں شکست دی تو ٹینس کی دنیا میں عالمی سطح پر یہ ان کی آمد کا باقاعدہ اعلان تھا۔

یہ بھی پڑھیے

’میں وینس کے بغیر کچھ نہ کر پاتی‘

سرینا کی شکست، امپائر پر صنفی تعصب کا الزام

وینس ولیمز جان لیوا حادثے میں ملوث، مقدمے کا سامنا

دو سابق گرینڈ سلام چیمپیئنز کا کہنا ہے کہ ’کوکو‘ گاؤف میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو اس کھیل میں عروج کے لیے درکار ہوتی ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے امریکی کھلاڑی اور دو بار یو ایس اوپن جیتنے والی ٹریسی آسٹن کا کہنا تھا کہ ’لوگ سالوں سے کوکو کے بارے میں بات کر رہے تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اب عالمی سطح پر بھی انھیں پہچانا جا رہا ہے۔ یقیناً وہ ایک زبردست کھلاڑی ہیں لیکن کورٹ پر وینس کے سامنے آنا، ایک ایسی کھلاڑی جنھیں وہ آئیڈلائزڈ کرتی ہیں، ان کے اعصاب کے امتحان لینے والے بہت سے مواقع آئے جہاں وہ نروس ہو سکتی تھیں۔

’انھیں عظیم بننے کے لیے پالا گیا ہے اور یہ تو صرف اس کی شروعات ہے۔‘

تین مرتبہ ومبلڈن جیتنے والے امریکی ٹینس سٹار جان میکینرو کا کہنا تھا ’گاؤف نہ صرف جسمانی طور پر پختہ ہیں بلکہ ذہنی طور پر بھی۔‘

’میں ان کے کھیلنے کے انداز کو دیکھتا ہوں۔ مجھے بہت حیرانی ہو گی اگر 20 سال کی عمر تک وہ دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی نہ بن گئیں۔‘

Candi (second left) and Corey Gauff

PA Media
کورے اور سینڈی اپنی بیٹی کی فتح پر انتہائی خوش نظر آئے

گاؤف جنھوں نے سات سال کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کی، ان کا تعلق کھلاڑیوں کے خاندان سے ہے۔

ان کے کوچ ان کے والد کورے ہیں جو جورجیا سٹیٹ یونیورسٹی کی جانب سے کھیلتے تھے جبکہ ان کی والدہ سینڈی جمناسٹک کرتی تھیں۔

ان کی بیٹی نے دو سال قبل اس وقت بڑے مقابلے جیتنا شروع کیے جب وہ صرف 13 سال کی عمر میں یو ایس اوپن کے لڑکیوں کے سنگل مقابلوں میں سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئیں اور گذشتہ سال اپنی 14ویں سالگرہ کے صرف دو مہینے بعد انھوں نے فرینچ اوپن ایکویلنٹ جیت لیا۔

ومبلڈن کا کوالیفائنگ مقابلہ اس سال گاؤف کے لیے ایک ہدف تھا لیکن 301ویں نمبر پر ان کی رینکنگ اس قابل نہیں تھی کہ وہ اس مقابلے میں حصہ لے سکتیں۔ تاہم آن لائن خریداری کرتے ہوئے انھیں معلوم ہوا کہ انھیں وائلڈ کارڈ مل گیا ہے۔

کوالیفائنگ مقابلے کے آخری مرحلے میں انھوں نے 129ویں رینکنگ پر موجود بیلجیئم کی گریٹ مینن پر 6-1 6-1 سے بآسانی فتح حاصل کر لی۔ اس مقابلے کے لیے ان کی تیاری بھی کچھ خاص نہیں تھی کیونکہ مقابلے سے پچھلی رات انھیں رات کے 11 بجے سائنس کا امتحان دینا تھا۔

اٹلانٹا میں پیدا ہونے والی گاؤف دونوں ولیمز بہنوں، وینس اور سرینا کی مداح ہیں۔ اسی لیے جب پہلے مرحلے میں انھیں وینس سے مقابلہ کرنا پڑا تو سب کی گاؤف پر توجہ مزید بڑھ گئی کہ وہ اتنے بڑے مقابلے میں عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے خلاف کیسی کارکردگی دکھا پائیں گی؟

کوکو

ولیمز کو ہرانے پر گاؤف خود بھی بہت شاکڈ تھیں

تاہم گاؤف نہایت آرام سے اس بڑے مقابلے کا حصہ بنیں۔ پہلے ہی سیٹ میں انھوں نے پانچویں گیم میں سروس بریک کی جبکہ دوسرے سیٹ میں بھی نویں گیم میں ایسا ہی کیا اور یوں وہ ایک ایسی کھلاڑی سے جیت گئیں جو ان کے پیدا ہونے سے پہلے ہی چار گرینڈ سلام مقابلے جیت چکی تھیں۔

تاہم خود گاؤف کو بھی یقین نہیں آ رہا تھا کہ انھوں نے وینس ولیمز کو شکست دی ہے۔ میچ کے بعد نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا ’اس مقابلے میں حصہ لینے کا موقع ملنا میرے لیے خواب تھا، بس میں بہت خوش ہوں کہ میں یہ جیت سکی۔‘

’وہ بہت اچھا کھیلیں اور میرے ساتھ ان کا رویہ بہت اچھا رہا۔ میں جتنی بار بھی ان سے ملی انھوں نے میرے ساتھ ہمیشہ ہی اچھا برتاؤ کیا ہے۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کھیل میں کیا حاصل کر سکتی ہیں تو اس پر ان کا جواب تھا کہ انھیں ’سب سے عظیم‘ کھلاڑی بننے کا ہدف دیا گیا ہے۔

گاؤف کا جنھیں سرینا ولیمز کے کوچ تربیت دے رہے ہیں، کہنا تھا ’جب میں صرف آٹھ سال کی تھی تو اس وقت میرے والد نے مجھے بتایا کہ میں یہ کر سکتی ہوں۔‘

’یقینا آپ کو اس پر کبھی یقین نہیں آتا۔ میں ابھی بھی 100 فیصد پُراعتماد نہیں ہوں۔ لیکن کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘

سابقہ امریکی کھلاڑی اور دنیا کی نمبر چھ چندا روبن بھی گاؤف کا کیرئر فالو کرتی آئی ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا ’آج ہم نے ناقابلِ یقین منظر دیکھا ہے۔‘

’صرف 15 سال کی عمر میں گرینڈ سلام کا پہلا مین ڈرا۔ پہلا ومبلڈن مین ڈرا اور وہ بھی وینس ولیمز کے خلاف، انھوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔‘

’میرا خیال ہے ہم ایک چیمپئن کو بنتے دیکھ رہے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32193 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp