’بینائی بچانی ہے تو سگریٹ نوشی سے جان چھڑانی ہو گی‘

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

انڈیا میں گذشتہ برس ہوئے احتجاجی مظاہرے میں اس خواجہ سرا تمباکو نوشی کرتے ہوئے

Getty Images
تمباکو نوشی اندھے پن کا بھی باعث بن سکتی ہے

ماہرین صحت نے تنبیہ کی ہے کہ ایسے لاکھوں افراد جو تمباکو نوشی کی علت میں مبتلا ہیں وہ اپنی بینائی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔

اگرچہ تمباکو نوشی کا بینائی پر اثر ہونا ایک معلوم حقیقت ہے تاہم ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس کے ایک حالیہ سروے کے مطابق ہر پانچ تمباکو نوش افراد میں سے صرف فرد اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ تمباکو نوشی اندھے پن کا بھی باعث بن سکتی ہے۔

برطانیہ کے رائل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلائنڈ پیپل (آر این آئی بی) کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے افراد میں بینائی کھو دینے کی شرح ایسے نہ کرنے والے افراد کی نسبت دگنی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تمباکو نوشی پر پابندی: ملک کیسے تبدیل ہوا؟

تمباکو نوشی کا متبادل ’ای سگریٹ‘ کتنے محفوظ ہیں

دنیا میں سب سے زیادہ سگریٹ نوش کہاں پائے جاتے ہیں؟

اور اس کی وجہ یہ ہے کہ تمباکو کا استعمال آنکھوں کو درپیش کئی مسائل میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

تمباکو نوشی آنکھوں کو کیسے متاثر کرتی ہے؟

سگریٹ میں کافی مہلک کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو آپ کی آنکھوں کو متاثر کر سکتے ہیں یا ان کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر دھاتیں جیسا کہ سیسہ اور تانبا آنکھ کے پردے میں اکھٹی ہو سکتی ہیں۔ آنکھ کے پردے کا کام آنکھ میں داخل ہونے والی روشنی کو فوکس کرنا ہے۔ آنکھ کے پردے کا متاثر ہونا بصارت میں دھندلے پن کی بنیادی وجہ ہے۔

تمباکو نوشی ذیابیطس کی وجہ سے بینائی میں پیدا ہو جانے والے مسائل میں بھی اضافے کا سبب بنتی ہے۔ کیونکہ اس کی وجہ سے آنکھ کے پیچھے موجود خون فراہم کرنے والی رگیں متاثر ہوتی ہیں۔

تمباکو نوش افراد میں عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والا انحطاط تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کی نسبت تین گنا زیادہ ہو سکتا ہے۔ بینائی میں انحطاط کے باعث انسان ہر چیز کو واضح اور صاف انداز میں دیکھنے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتا ہے۔

علاوہ ازیں تمباکو نوش افراد میں نظر کے اچانک کمزور ہو جانے کا اندیشہ تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد سے 16 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ نظر کا اچانک کمزور ہونا بصری اعصابی نظام میں بگاڑ کی وجہ سے ہوتا ہے۔

تمباکو نوشی

Getty Images
تمباکو کا استعمال آنکھوں کو درپیش کئی مسائل میں اضافے کا باعث بنتا ہے

دو ہزار سے زائد افراد سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں 18 فیصد کا کہنا تھا کہ تمباکو نوشی اندھے پن یا نظر کے کمزور ہونے کا باعث بنتی ہے جبکہ 76 فیصد کو پتا تھا کہ تمباکو نوشی کا تعلق کینسر سے ہے۔

تاہم ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس کا کہنا ہے کہ بینائی کی حفاظت کے لیے سب سے بہترین آپشن تمباکو نوشی کو مکمل ترک کرنا یا اس عادت کو کم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ اپنی نظر کو باقاعدگی سے چیک کروائیں۔

ایسوسی ایشن آف آپٹومیٹرسٹس سے وابسطہ ماہر بصارت آئیشاہ فضلین کا کہنا ہے کہ ‘لوگوں کا عمومی خیال یہ ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی کا تعلق کینسر سے ہے۔ تاہم زیادہ تر افراد بینائی پر اس کے اثرات سے آگاہ ہی نہیں ہیں۔’

‘تمباکو نوشی بینائی کے لیے خطرے کا باعث بننے والی کیفیات میں اضافے کرتی ہے جیسا کہ ڈھلتی عمر کے ساتھ نظر متاثر ہونا۔ اور یہ وہ خاص وجہ ہے جس کے باعث تمباکو نوشی کرنے والوں کو اس عادت کو ترک کرنے کے بارے میں ضرور سوچنا چاہیے۔’

تمباکو نوشی

Getty Images
برطانیہ میں ای سیگریٹ استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد کا کہنا تھا کہ وہ ایسا تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کرنے کے لیے کر رہے ہیں

تمباکو نوش افراد کی تعداد میں کمی

برطانیہ میں 17 فیصد مرد اور 13 فیصد خواتین تمباکو نوشی کرتی ہیں۔ برطانیہ میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد 74 لاکھ ہے۔ جبکہ 61 فیصد تمباکو نوشی کرنے والوں کا کہنا ہے کہ وہ اس عادت سے اپنی جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔

برطانیہ کے قومی ادارہ شماریات سے ملنے والے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ وہاں تمباکو نوشی کرنے والے افراد کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ سنہ 2011 کے بعد 18 سے 24 سال کی عمر کے لوگوں میں تمباکو نوشی چھوڑنے والوں کی تعداد میں سب سے زیادہ کمی دیکھی جا رہی ہے۔

سنہ 2017 میں برطانیہ میں 28 لاکھ افراد، یا برطانیہ کی آبادی کا 5.5 فیصد، ای سیگریٹ استعمال کر رہے تھے۔ اور ای سیگریٹ استعمال کرنے والوں میں غالب اکثریت ایسے افراد کی تھی جو تمباکو نوشی کو ترک کرنے کے لیے ایسا کر رہے تھے۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 10858 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp