تربیلا جھیل میں مسافروں سے بھری کشتی الٹ گئی، ہلاکتوں کا خدشہ


تربیلا جھیل

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والی کشتی پر 50 سے 60 افراد سوار تھے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں واقع تربیلا ڈیم کی جھیل میں مسافروں سے بھری کشتی الٹنے سے متعدد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح 11 بجے کے قریب ناڑہ امازئی تھانے کے حدود میں پیش آیا۔

مقامی تھانے کے ایس ایچ او تنویر خان نے بی بی سی کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والی کشتی پر 50 سے 60 افراد سوار تھے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ کشتی طورغر سے ہری پور جا رہی تھی اور راستے میں برگ کے مقام پر الٹ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ڈوبنے والے مقامی دیہات سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق کشتی الٹنے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت دس کے قریب افراد کو بچایا ہے جبکہ تین بچوں کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس جگہ کشتی ڈوبی اس کے اردگرد پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں تک کا زمینی راستہ بہت دشوار گزار ہے جس وجہ سے وہاں پہنچنے میں چار سے پانچ گھنٹے کا وقت درکار ہے۔

ہری پور کے ریسکیو 1122 کے اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ تاحال کوئی امدادی ٹیم بھی جائے حادثہ پر نہیں پہنچ سکی ہے اور امدادی کارروائیوں کے لیے نوشہرہ اور پشاور سے امدادی ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے فوج سے مدد طلب کی گئی ہے۔

مزید تفصیلات آ رہی ہیں۔۔۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32467 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp