جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی میں شامل ہوتے ہی عمران خان کو لینڈ کروزر کا تحفہ دیا: عمر چیمہ
معروف صحافی عمر چیمہ نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان کے زیر استعمال گاڑی جہانگیر ترین کا دیا ہوا تحفہ ہے۔ یہ گاڑی جہنگیر ترین کے بیٹے علی ترین کے نام سے خریدی گئی
عمر چیمہ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” جہانگیر ترین نے 19 دسمبر 2011 کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور اگلے ہی دن 20 دسمبر کو زیر میٹر بلٹ پروف لینڈ کروزر بھی متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچ گئی۔ یہ گاڑی جہانگیر ترین نے اپنے بیٹے علی ترین کے نام پر خریدی۔ 21 دسمبر کو یہی گاڑی عمران خان کے استعمال میں چلی گئی جسے بہت سے لوگ LEE1 نمبر سے جانتے ہیں ۔“
عمر چیمہ کے مطابق وزیر اعظم بننے تک یہ گاڑی عمران خان کے استعمال میں تھی۔ یہ معلوم نہیں کہ اب بنی گالہ میں ہے یا نہیں۔ عمر چیمہ نے سوال اٹھایا ہے کہ اس طرح کے تحائف سیاسی رشوت میں آتے ہیں یا نہیں؟
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بنانے میں جہانگیر ترین نے عمران خان کا بھر پور ساتھ دیا تاہم وہ سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دے دیئے گئے جس کے باعث وہ کوئی بھی عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔




