امریکن ایئرلائنز کا ’نامناسب‘ لباس ڈھانپنے پر مجبور کرنے پر خاتون مسافر سے معافی


امریکن ایئرلائنز

امریکن ایئر لائنز نے ایک خاتون مسافر کو مبینہ طور پر اپنے ’نامناسب لباس‘ و کمبل سے ڈھاپنے پر مجبور کرنے پر عورت سے معافی مانگی ہے۔

ڈاکٹر تشا راؤ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 30 جون کو اس وقت پیش آیا جب وہ جمیکا میں اپنے خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزار کر واپس میامی جا رہی تھیں۔ جب ڈاکٹر تشا راؤ کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا ان کا ایک آٹھ سالہ بیٹا بھی ان کے ہمراہ تھا۔

37 سالہ ڈاکٹر تشا راؤ نے آن لائن بتایا کہ جب انھیں اپنے ’اثاثے‘ چھپانے کا کہا گیا تو انھیں جسمانی طور پر شرمندگی اور بے عزتی محسوس ہوئی۔

تشا راؤ نے وہ لباس پہنے اپنی تصویر شیئر کی جس کی بنیاد پر انھیں کہا گیا کہ وہ اپنے جسم کو ڈھانپیں۔ ڈاکٹر تشا راؤ کی اس ٹویٹ کو کئی ہزار بار شیئر کیا گیا۔

ڈاکٹر تشا راؤ نے الزام عائد کیا کہ ایئرلائن کے عملے کے ایک فرد نے انھیں جہاز سے باہر آنے کے لیے کہا اور باہر لے جا کر انھیں کہا گیا کہ ان کا لباس فضائی سفر کے لیے ’نامناسب‘ ہے۔ ڈاکٹر تشا راؤ نے کہا ایئرلائن عملے نے اس سے یہ بھی پوچھا کہ جسم کو ڈھانپنے کے لیے کیا ان کے پاس کوئی جیکٹ ہے؟

ڈاکٹر تشا راؤ نے بتایا کہ جہاز کے عملے کے سامنے اپنے لباس کا دفاع کرنے کی ناکام کوشش اور اپنے بیٹے کے ناراض ہونے کی وجہ سے وہ مجبوراً اپنے جسم کو کمبل سے ڈھانپ کر سیٹ پر بیٹھ گئیں لیکن وہ شرمندگی محسوس کر رہی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سارے واقعے کے دروان ذرہ بھر ہمدردی، ذرہ بھر ندامت محسوس نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے وقار کا کوئی خیال کیا گیا۔

https://twitter.com/tisharowemd/status/1145497553103929349

ڈاکٹر تشا راؤ نے فضائی کمپنی پر نسلی تعصب اور انھیں جسم کی وجہ سے تفریق کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم پر کالی رنگت کی وجہ نظر رکھی جاتی ہے اور ہمارے جسم کو جنسی نظر سے دیکھا جاتا ہے اور ہم سے توقع کی جاتی ہے کہ اپنے اردگرد لوگوں کو پرسکون کرنے کے لیے ہمیں سمجھوتہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر تشا نے کہا ’میں نے جہازوں میں سفید فام عورتوں کو میرے سے بھی مختصر شارٹس پہنے ہوئے دیکھا ہے اور اس پر کوئی پلک بھی جھپکتی ہے۔‘

ائیرلائن نے منگل کے روز کہا کہ انھوں نے ڈاکٹر تشا راؤ اور ان کے بیٹے سے معافی مانگی ہے اور انھیں کرایہ واپس کر دیا ہے۔

ایئر لائن نے کہا کہ انھیں ڈاکٹر راؤ کے تبصرے پر تشویش تھی اور اسی لیے ان کی ٹیم نے کنسنگٹن ایئرپورٹ پر ان سے رابطہ کر کے ان سے مزید معلومات مانگیں۔

امریکن ایئرلائنز نے کہا کہ انھیں صارفین کو محفوظ سفر اورخدمت مہیا کرنے پر فخر ہے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp