جج ارشد ملک کے حلف نامے والا ناصر جنجوعہ کون ہے؟


نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک نے اپنے بیان حلفی میں ناصر جنجوعہ نامی کردار کا ذکر کیا ہے جس کے بارے میں لوگوں نے یہ گمان کرنا شروع کردیا تھا کہ شاید یہ سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرجنجوعہ ہیں حالانکہ یہ ناصرجنجوعہ ایک الگ شخصیت ہے۔

احتساب عدالت کےجج ارشد ملک کا ویڈیو سکینڈل سامنے آنے کے بعد سے پاکستان میں 2 عدد ناصر ہر زبان پر آ گئے ہیں۔ پہلا ناصر بٹ ہے جس نے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنائی جبکہ دوسرا ناصر جنجوعہ ہے جس نے مبینہ طور پر جج ارشد ملک کو رشوت کی پیشکش کی اور دھمکیاں دیں۔

ناصر جنجوعہ کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ارب پتی کاروباری شخصیت اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے معتمد خاص ہیں جو ان کے ساتھ خصوصی جہاز میں سفر کرتے رہے ہیں۔ ناصر جنجوعہ مڈجیک کنسٹرکشن کمپنی کے مالک ہیں اور اسلام آباد کی طاقتور کاروباری شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ ا

ن کا نواز شریف کے ساتھ پچھلے کئی سالوں سے گہرا تعلق رہا ہے اور کئی بار سابق وزیر اعظم کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرتے تھے۔ ناصر جنجوعہ نہ صرف اسلام آباد میں بلکہ رائیونڈ میں جا کر بھی میاں نواز شریف کے ساتھ خفیہ طریقے سے اکیلے میں ملتے تھے۔ ناصر جنجوعہ کا لاہور کے پوش ایریا گلبرگ مین بلیوارڈ پر محل نما ’’مڈ جیک ہاؤس ‘‘ سیاسی و صحافتی حلقوں میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے جہاں ملک کی اہم شخصیات قیام پذیر ہو چکی ہیں ۔

ناصر جنجوعہ کی سوشل میڈیا پر بعض تصاویر بھی سامنے آئی ہیں جن میں انہیں جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل کے دوسرے کردار ناصر بٹ کے ساتھ بھی دیکھا گیا ہے۔ ان کی سابق چیئرمین نیب قمر الزمان چوہدری کے ساتھ تصویر بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ جج ارشد ملک نے اپنے بیان حلفی میں ناصر جنجوعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ساتھ ملاقات میں ناصر جنجوعہ نے انہیں رشوت کی پیشکش کی اور کہا کہ مستقبل محفوظ بنانے کا سنہری موقع ہے. ان کے پاس 10 کروڑ یورو فوری موجودہیں جبکہ 2 کروڑ یورو کار میں رکھے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).