ویڈیو آنے کے بعد نوازشریف کو رہا کرنا عدلیہ کی مجبوری بن گیا: سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر


سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف جیل سے باہر آ جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عرفان قادر نے کہاہے کہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کی کوشش ہو گی کہ عدالتی نظام اور اس کی ساکھ کو بچایا جائے۔ ان کے لیے نواز شریف کو جیل میں رکھنا ضروری نہیں۔

بظاہر لگ رہا ہے کہ جج ارشد ملک کو اس تمام معاملے سے الگ کر دیا جائے گا۔ جب ایسا ہو گا تو ارشد ملک کا کیا ہوا فیصلہ بھی متاثر ہو گا اور عدالت کہے گی کہ دیکھیں ہم نے جج کا ساتھ نہیں دیا اور اس ٹرائل کو ختم کر دیا ہے۔

سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا مزید کہنا تھا کہ عدالتوں کے لیے اس وقت اپنی ساکھ بچانا زیادہ ضروری ہے۔ یاد رہے کہ جج ارشد ملک کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عرفان قادر 12 اپریل 2012 سے 7 جون 2013 تک پاکستان کے اٹارنی جنرل رہے۔