برطانوی اخبار کی جھوٹی خبر بنی گالہ میں بیٹھ کر تیار کی گئی: مریم اورنگزیب


مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی خبر برطانوی رپورٹر سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے شائع کروائی۔

میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ ڈیلی میل کی خبر پلانٹڈ اسٹوری ہے۔ رپورٹر کو لاہور بلا کر پہلے شہزاد اکبر نے ملاقات کی اور پھر بنی گالہ میں عمران خان سے ملوایا۔

ن لیگی ترجمان نے اخبار کے رپورٹر اور شہزاد اکبر کی مبینہ ملاقات کی تصویر بھی میڈیا کے سامنے رکھ دی اور کہا کہ یہ لوگ نوازشریف اور شہباز شریف کی حسد میں ملک دشمنی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت صبح شام عوام سے جھوٹ بول رہی ہے، شہزاد اکبر کی نوکری جانے والی ہے۔ ان کی سربراہی میں قائم احتساب یونٹ ایک روپے کی کرپشن نہیں نکال سکا۔ جب ایک بھی ثبوت نہیں ملا تو ایک اسٹوری پلانٹ کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ڈیلی میل ایک جھوٹا اخبار ہے۔ 2016 اور 2017 میں یہ فیک اسٹوریز کی وجہ سے بند ہونے لگا تھا۔ ڈیلی میل کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ صحافی ڈیوڈ روز نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔ بنی گالہ میں بیٹھ کر اسٹوری کی منصوبہ بندی کی گئی۔

ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ یو کے ایڈ برطانوی اخبار کی خبر کی تردید کر چکا ہے۔ پہلے 5 پیراگراف اعداد و شمار کی بنیاد پر شائع ہوئے۔ 2005 میں زلزلہ آیا تو شہبازشریف ملک بدر تھے۔ 2008ء سے 2012ء تک ایرا فیڈرل حکومت کے ماتحت تھا۔

ن لیگی ترجمان نے کہاکہ برطانوی اخبار کو خبر پلانٹ کرائی گئی ،اس کا ثبوت دوں گی ،انہوں نے رپورٹر اور شہزاد اکبر کی مبینہ ملاقات کی تصویر میڈیا کے سامنے پیش کی اور کہاکہ معاملہ اس وقت نواز شریف یا شہباز شریف کی ذات کا نہیں ملک کا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے کرائے کے ترجمان اس خبر کا دفاع کر رہے ہیں جس کی خود ڈیپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ نے تردید کی۔ شہزاد اکبر کیا برطانوی اخبار کے ملازم ہیں؟ خبر میں لکھا گیا شہزاد اکبر کے مطابق ایسا ہے۔ یہ وہی گھسے پٹے الزامات ہیں جن پر شہبازشریف نیب کے عقوبت خانے میں رہ کر آئے۔

Facebook Comments HS