مریم نواز اردو شاعرہ نوشی گیلانی سے’ الجھ‘ پڑیں


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور اردو شاعرہ نوشی گیلانی کی ٹوئٹ پر اس وقت توتکار ہوگئی جب نوشی گیلانی نے مدینہ منورہ میں حسین نواز اور لیگی رہنماﺅں کی طرف سے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو مبینہ طور پر رشوت کی پیشکش کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ۔

نوشی گیلانی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہبے شک آپ مجھے قدامت پسند کہیں لیکن کئی مرتبہ یہ خیال آیا کہ نبی پاکﷺ کے شہر میں دوران عمرہ جب یہ کرپٹ سیاستدان، ان کے بیٹے، حواری اور مستند قاتل مل جل کر جج ارشد ملک سے حرام مال پر لین دین طے کر رہے تھے تو کیا ان کا دل ایک بار بھی نہیں کانپا ہوگا؟

نوشی گیلانی کے اس ٹوئٹ پر ردعمل میں مریم نواز نے کہا کہ ضرور کانپتا اگر لین دین کی کوئی بات کی گئی ہوتی اور ارشد ملک صاحب نے مزید ایک اور جھوٹ بولا نہ ہوتا۔ جج صاحب یہ نہیں جانتے کہ میرے پاس ان کے اس سمیت سب جھوٹوں کے ثبوت موجود ہیں جو انشاءاللہ سب کے سب سامنے آئیں گے۔

مریم نواز نے مزید لکھا کہ ایک سطر میں آپ پاک ترین ہستی کا نام لیتی ہے اور دوسری سطر میں آپ کسی کے مال کو حرام قرار دیتی ہیں۔ بہتان اور بغیر کسی تصدیق کے کسی پر الزام لگانے کے بارے میں دین میں کتنے سخت احکامات ہیں، آپ اس کے بارے میں جانتی ہیں؟

اردو شاعرہ نوشی گیلانی 14 مارچ 1964ء کو بہاولپور میں پیدا ہوئیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی، بہاولپور سے تعلیم پائی۔ آپ کا اصل نام سیدہ نشاط ہے اور قلمی نام نوشی گیلانی۔ نوشی گیلانی 1994 میں کیلیفورنیا (امریکا) منتقل ہو گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق نوشی گیلانی 2008 میں سعید خان نامی شخص سے شادی کے بعد سے سڈنی آسٹریلیا میں مقیم ہیں۔

Facebook Comments HS