وادی نیلم میں بادل پھٹنے کے بعد ’فلیش فلڈ‘،22 افراد لاپتہ


وادی نیلم (فائل فوٹو)

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی وادی نیلم میں ’کلاؤڈ برسٹ‘ یعنی بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد آنے والے سیلابی ریلے کے نیتجے میں کم از کم 22 افراد لاپتہ جبکہ 50 زخمی ہو گئے ہیں۔

صحافی اورنگزیب جرال کے مطابق ‘کلاؤڈ برسٹ’ کا یہ واقعہ وادی نیلم کے گاؤں لیسوا میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بادل پھٹنے کے بعد لیسوا گاؤں سے گزرنے والے پہاڑی نالے میں طغیانی آ گئی۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق لیسوا میں آنے والے اس ’فلیش فلڈ‘ میں اب تک 22 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 11 کا تعلق تبلیغی جماعت سے بتایا جاتا ہے جو مقامی مسجد میں مقیم تھی۔

لاپتہ ہونے والے دیگر افراد میں سے نو مقامی ہیں جبکہ دو فرنیٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ملازم بتائے جاتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس واقعے میں 50 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ سیلابی ریلے سے 150 مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ علاقے میں مقامی بازار اور چار گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیلابی ریلے سے علاقے میں تین بنیادی مرکزِ صحت بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ لیسوا میں بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے کی اطلاعات ملنے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کی گئی ہیں۔

ان کے مطابق فلیش فلڈ کے نتیجے میں متاثرہ علاقے سے تمام مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جس سے معلومات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کلاؤڈ برسٹ ہوتا کیا ہے؟

’کلاؤڈ برسٹ‘ یا بادل پھٹنے کا مطلب کسی مخصوص علاقے میں اچانک بہت کم وقت میں گرج چمک کے ساتھ بہت زیادہ اور موسلادھار بارش کا ہونا ہے جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو جائے۔

بادل پھٹنے کا واقعہ اس وقت پیش آتا ہے جب زمین یا فضا میں موجود بادلوں کے نیچے سے گرم ہوا کی لہر اوپر کی جانب اٹھتی ہے اور بادل میں موجود بارش کے قطروں کو ساتھ لے جاتی ہے۔

اس وجہ سے عام طریقے سے بارش نہیں ہوتی اور نتیجے میں بادلوں میں بخارات کے پانی بننے کا عمل بہت تیز ہو جاتا ہے کیونکہ بارش کے نئے قطرے بنتے ہیں اور پرانے قطرے اپ ڈرافٹ کی وجہ سے واپس بادلوں میں دھکیل دیے جاتے ہیں۔

اس کا نتیجہ طوفانی بارش کی شکل میں نکلتا ہے کیونکہ بادل اتنے پانی کا بوجھ سہار نہیں سکتا۔

کلاؤڈ برسٹ کے واقعات ماضی میں پاکستان اور انڈیا اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں پیش آتے رہے ہیں جہاں کم اونچائی والے مون سون بادل اونچے پہاڑوں سے ٹکرا کر رک جاتے ہیں اور برس پڑتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32557 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp