میرے ہاتھ بٹیرا آ گیا ہے، جسے میں جانے نہیں دوں گا: شہباز شریف


قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان، معاون خصوصی شہزاد اکبر اور ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ ضرور دائر کروں گا۔

حامد میر نے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بتایا کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے ہاتھ بٹیرا آگیا ہے اور میں بٹیرے کو جانے نہیں دوں گا۔ سینئر صحافی کے مطابق شہباز شریف نے مزید کہا کہ ڈیلی میل اسٹوری کے حوالے سے میرے وکلاء نے برطانیہ میں اپنا مقدمہ تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔

شہباز شریف کی قانونی ٹیم برطانیہ پہنچ گئی ہے۔ قانونی ٹیم برطانیہ میں وکلا سے مشاورت کرے گی، جس کے بعد برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ شہباز شریف برطانیہ کی عدالتوں میں عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے۔

ادھر وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی اخبار کی خبر پر میرے خلاف لندن کی عدالت میں کیس کریں۔ لندن کی عدالت میں شہباز شریف کی کرپشن کا ایک ایک ثبوت پیش کروں گا۔

واضح رہے کہ دو دن قبل برطانوی اخبار نے شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ پر الزام عائد کیا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے زلزلہ زدگان کو دی گئی 500 ملین پاؤنڈز کی امداد میں سے لاکھوں پاؤنڈز چرا کر اپنے اکائونٹس میں ڈلوائے۔ شہباز شریف اور ان کے خاندان نے برطانیہ کی جانب سے ملنے والی امداد میں خردبرد کر کے لاکھوں پاؤنڈز منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل کئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).