گھبرانا نہیں، کپتان ہے نا


لوگ بلا وجہ پریشان ہیں کہ آئی ایم ایف، پیپلز پارٹی سے مستعار لیا ہوا مشیر خزانہ اور جنات پاکستان کی معیشت کے بارے میں فیصلے کر رہے ہیں اور اس سے پاکستان کی معیشت برباد ہو جائے گی۔ پاکستان قرضوں کی دلدل میں پھنستا جا رہا ہے۔ عام آدمی کی زندگی تنگ ہو گئی ہے۔ غرضیکہ اسی طرح کے بہت سے غلط خیالات ہیں جو لوگوں کو دکھی کیے ہوئے ہیں۔ تو ایسی صورت حال میں لوگوں کو علم ہونا چاہیے کہ کپتان ہے نا۔

وہ لوگوں کو پیاسا مرنے نہیں دے گا۔ وہ انہیں ساتھ ساتھ پانی پلاتا رہے گا۔ تاکہ کچھ لوگ تو مرنے سے بچ جائیں اور جو لوگ پھر بھی کپتان اور اس کی حکومت کو بدنام کرنے کی خاطر مرنے کو ترجیح دیں تو ان کو یہ بتا دو کہ کپتان تمہاری بدنیتی اور پٹواری پن کو خوب جانتا ہے اور تمہیں اس بات کی اجازت نہیں دے سکتا کہ ہمارا اپنے دفاع پر ایمان کمزور پڑ جائے یا ہم بے شرموں کی طرح دوسروں کے آگے ہاتھ پھیلائیں۔ کپتان تو کنٹینر پر کھڑے ہو کہہ چکا ہے اور اپنی ہر بات پر قائم ہے۔ یہی سچ ہے، بس ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی باتوں پر یقین کرنے کی ضرورت ہے۔ اور ڈاکٹر صاحبہ یہ ساری باتیں لوگوں کو سمجھانے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔ اگر آپ نے پہلے یہ باتیں نہیں سنیں اور آپ شیر کا کلیجہ اور ہاتھی کی چمڑی رکھتے ہیں تو کسی بھی وقت ٹی وی آن کریں یا پھر یو ٹیوب پر جا کر دوبارہ سنیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان صاحبہ کی باتیں اپوزیشن کو کڑوی لگتی ہیں کیونکہ وہ ان کی ساتھی رہ چکی ہیں اور ان کی کمزوریوں اور کپتان کی خوبیوں کو جانتی ہیں۔ وہ ایسے ہٹ کرتی ہیں کہ اپوزیشن ہی نہیں کوئی بھی صحت مند ذہن مکمل طور پر ماؤف ہو سکتا ہے۔ اور ہاں ڈاکٹر صاحبہ اکیلی نہیں ہیں۔ بجٹ ڈیبیٹ سے ثابت ہوا کہ کپتان کے پاس ایک سے بڑہ کر ایک نابغہ موجود ہے جو مائیک، کان اور دماغ کو آگ لگا سکتا ہے۔ کپتان ایک دفعہ کراچی والوں پر ترس کھاتا نظر آیا تھا کہ انہیں لندن سے آنے والی تقاریر سننی پڑتی ہیں۔ اب سارا پاکستان ہی کراچی کا وہ سین پیش کر رہا ہے۔ جاگیردارا !

پٹواریوں کو خوف سے، اناڑیوں کو اپنی جہالت کی وجہ سے اور کھلاڑیوں کو اپنی حماقت کی وجہ سے علم ہے کہ کپتان ہے تو جہان ہے۔ کپتان جب کبھی آئی ایم ایف کے بورڈ کے سامنے بیٹھے گا اور انہیں ریاست مدینہ ثانی کے خدوخال بتائے گا اور سوہاوہ والی یونیورسٹی کی روحانی لیبارٹریوں سے نکلتی ہوئی سپر سائنس کا حال سنائے گا تو وہ خود ہی مسلمان ہو جائیں گے، سود کو حرام سمجھیں گے اور کپتان، حفیظ شیخ اور خادم حسین رضوی کی معاشی پالیسی سے متفق ہو جائیں گے۔ اور اگر کپتان کے رعب اور دبدبے کی وجہ سے آئی ایم ایف کا بورڈ کپتان سے ملنے پر راضی نہ ہو تو۔ لیکن وہی رعب تو کام آئے گا۔ کسی ناعاقبت اندیش نے پوچھا کہ کیا آئی ایم ایف کے بورڈ سے ملنے کی بات چیت چل رہی ہے تو جواب ملا کہ چل تو نہیں رہی لیکن جو بھی ضروری ہو گا کپتان کر ہی لے گا۔

پہلے وہ آئی ایم ایف والی مائی آئی تھی تو متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکی تھی۔ اس سے بات چیت تو اچھی ہونی ہی تھی۔ بورڈ سے ملنے کا بھی اگر کپتان ارادہ ظاہر کرے گا تو کون سا وہ کوئی انکار کریں گے۔ کپتان گوروں میں تو بہت ہی مقبول ہے۔ انہیں علم ہے کہ کپتان اگر چاہتا تو برطانیہ میں سیٹل ہو سکتا تھا بڑے آرام سے، لیکن اس نے ایسا نہیں کیا، کچھ لوگ کہتے ہیں، کاش ایسا کر لیتا۔

اس نے اٹھارہ گرمیاں وہاں گزاری ہیں۔ وہاں پر اس کا ذاتی فلیٹ تھا۔ کرکٹ کے ساتھ ساتھ کپتان نے ”آف شور“ کمپنی کا تجربہ بھی وہیں حاصل کیا۔ آپ گھبرائیں نہیں، وہ ”آف شور“ کمپنی حلال تھی کیونکہ وہ تو صرف ٹیکس بچانے کے لیے تھی کپتان نے اس سے کوئی کاروبار تو نہیں کرنا تھا۔ کپتان کو ویسے بھی کاروبار پسند نہیں، یہ تو آپ کو علم ہو ہی گیا ہو گا۔ کیونکہ کاروبار کرنے والے چور ہوتے ہیں۔ وہ ٹیکس بچاتے ہیں اور ”آف شور“ کمپنیاں کھولتے ہیں۔ اب کاروبار کرنے والوں سے کپتان برداشت نہیں ہو رہا تو ہڑتالوں پر آ گئے ہیں۔

کپتان نے بھی واضح کہہ دیا ہے کہ کر لو ہڑتالیں۔ میرے لوگ بھوکے مر جائیں گے لیکن وہ مجھے این آر او دینے کا نہیں کہیں گے۔ ہاں یہ جو چند کروڑ لوگ چیخ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ان سے روٹی کا نوالہ چھن گیا ہے اور نوالہ واپس آنے کی کوئی امید بھی نظر نہیں آتی تو ان کو خبر ہو کہ یہی تو اصل امتحان ہے۔ میں ٹیم بنا رہا ہوں اور وہ دن دور نہیں جب غریبوں کو نوالے کی ضرورت ہی نہیں ہو گی۔ سمجھ گئے ہو نا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ میرا ساتھ نہیں چھوڑو گے۔ کیونکہ آپ کو علم ہے کہ میں کپتان ہوں اور اگر آپ ساتھ چھوڑ بھی گئے تو۔ تو آپ خود سیانے ہو کچھ بھی نہیں ہو گا۔ میری حکومت تو چلے گی۔ یہی تو نقطہ ہے، کپتان ہے اور کپتان ہیں۔

سلیم ملک

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

سلیم ملک

سلیم ملک پاکستان میں شخصی آزادی کے راج کا خواب دیکھتا ہے۔ انوکھا لاڈلا کھیلن کو مانگے چاند۔

salim-malik has 355 posts and counting.See all posts by salim-malik