شاہد خاقان نے جان بوجھ کر ایسا ماحول پیدا کیا کہ نیب انہیں گرفتار کر لے : حامد میر


 سینئر صحافی حامد میر نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ دنوں میں اپنے ساتھیوں اور وکلاءسے مشاورت کی ہے اور وہ مطمئن ہیں کہ نیب ان کے خلاف مقدمہ نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے نیب کو اشتعال دلایا کہ وہ آئیں اور انہیں گرفتار کریں کیونکہ جب وہ گرفتار ہو جائیں گے تو معاملہ عدالت میں جائے گا جہاں نیب کچھ ثابت نہیں کر سکے گی تو اس کا انہیں سیاسی فائدہ ہو گا ۔

نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ حکومت کے کچھ وزراء 100 فیصد اعتماد کے ساتھ یہ بات کر رہے تھے کہ بہت سے لوگ گرفتار ہونے والے ہیں۔ فیصل واوڈا نے بڑے اعتماد کے ساتھ دعویٰ کیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی بہت جلد گرفتار ہو جائیں گے۔ ہم نے اگلے ہی دن شاہد خاقان کو اپنے پروگرام میں بلایا اور پوچھا کہ آپ کو گرفتاری کا خدشہ ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے دھمکیاں کیوں دے رہے ہیں آ کر گرفتار کر لیں۔

شاہد خاقان عباسی کو اندازہ تھا کہ گرفتار کر لیا جائے گا۔ شاہد خاقان عباسی کو نیب نے آج بلایا تھا تو بہتر تھا کہ وہ وہاں چلے جائیں اور ان کے سوالات کے جوابات دیں۔ ن لیگ کے بہت سے رہنماﺅں  نے ایسا ہی کیا ہے۔ بہت سے رہنماؤں کو نیب بلاتی ہے تو وہ خاموشی سے چلے جاتے ہیں اور یہ بات میڈیا کو بھی نہیں پتا ہوتی۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان نے نیب کو یہ پیغام دیا کہ تم نے جو کرنا ہے، وہ کرو، میں نہیں آتا۔ شاہد خاقان عباسی کو اصولی طور پر نیب میں پیش ہونا چاہیے تھا۔ پچھلے دو دن سے وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ گفتگو کر رہے تھے جس سے ایسا لگتا ہے کہ وہ جان بوجھ کر نیب کو اشتعال دلا رہے ہیں کہ انہیں گرفتار کر لیا جائے۔

شاہد خاقان عباسی نے جان بوجھ کر ایسا ماحول پیدا کیا کہ نیب انہیں گرفتار کرے۔ ان کے علاوہ ن لیگ کے کچھ اور رہنما بھی ایسے ہی حالات پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں شاہد خاقان عباسی نے کچھ وکلا اور ساتھیوں کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کی تھی اور وہ مکمل طور پر مطمئن ہو گئے کہ حکومت انہیں کسی طور پر بھی گرفتار نہیں کر سکتی۔ خاص طور پر پچھلے دنوں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے حکومت کے ساتھ کئی معاہدے بھی کیے اور واپس جا کر پاکستان کو قرضہ دینے کا بھی اعلان کیا تو یہ واضح ہو گیا کہ قطر کی حکومت اگر براہ راست این ایل جی میں ملوث ہوتی تو پاکستان کی حکومت ان سے کوئی معاہدہ نہ کرتی۔

حامد میر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے طور پر مطمئن ہیں کہ نیب ان کے خلاف کوئی کیس نہیں بنا سکتی۔ انہوں نے نیب کو اشتعال دلایا کہ وہ آئیں اور گرفتار کریں کیونکہ جب وہ گرفتار ہوجائیں گے تو معاملہ عدالت میں جائے گا جہاں نیب کچھ ثابت نہیں کر سکے گی تو اس کا انہیں سیاسی فائدہ ہو گا ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).