ہم عمران خان کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے: احسن اقبال


مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم عمران خان کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے۔ احسن اقبال نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر جمہوریت کےلیے ایک سیاہ دن ہے، ووٹوں سے منتخب ہونے والے ایک اور وزیر اعظم کو نیب گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی کوئی حکومت نہیں آئی جس کو ہرطرف سے ٹھنڈی ہوا ملی ہو، حکومت ملک کی معیشت کو دیوالیہ کی طرف لے جا رہی ہے۔ عمران خان ہم سب کو جیل میں ڈال دو، لیکن ن لیگ کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے۔ اس حکومت کا جہاز نہیں اُڑرہا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے؟ جہاز کو ہر طرف سے ہوا دی جا رہی ہے لیکن یہ نہیں اُڑ رہا۔

اھسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اسکینڈل پر پردے ڈالے جارہے ہیں جبکہ ہم نے آمروں کامقابلہ کیا ہے۔ آپ 20 کروڑ لوگوں کو بھی گرفتار کرلیں تو بھی یہ حکومت نہیں چل سکتی۔ احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو ایک فوٹو کاپی دکھا کر گرفتار کیا گیا ہے۔ اس فارم پر نہیں لکھا کہ انہیں کیوں گرفتار کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).