ڈیڈی۔ اپنے کمرے میں واپس آ جائیے


بس یونہی خیال آیا کمرے میں جھانک لوں

کہیں سوتے میں لحاف بدن سے نہ سرک گئی ہو

کہیں پنکھے کی ہوا سر پر نہ لگ گئی ہو

چلو چپکے سے مفلر سر پر لپیٹ دیتا ہوں

یا دھیمے سے لحاف ٹھیک کردیتا ہوں

پنکھا تیز کردوں یا آہستہ؟

پردوں کو برابر کردوں یا ہٹادوں؟

مجھے پتہ ہے کمرے میں روشنی آپ کو اچھی لگتی ہے

اور چائے میں کٹی ہوئے الئچی اور ایک چٹکی سنامن کی

اور سوجھی گرم دودھ میں ابال کر یا کیک رس چائے میں بھگو کر

اچھا یوں کیجیے نا ڈیڈی

چلیں دودھ میں اولٹین ڈال کر ہی پی لیجیے

پتہ ہے اس سے دودھ کو ہی نہیں زبان کو بھی مزا ملتا ہے

آپ پھر مسکرا رہے ہیں مجھ پر۔

میری ان اوٹ پٹانگ باتوں پر

میرے بے کار جملوں پر

یہ جو دلیپ کمار ہے نا ڈیڈی

یہ ہینڈ سم جو ٹی وی پر مدہو بالا کے ساتھ ڈانس کر رہا ہے

سنا ہے بے چارہ اب کچھ بوڑھا ہو گیا ہے

ارے ڈیڈی اگر آپ انڈیا میں رہ جاتے تو میں بھی ایک دن دلیپ بن جاتا

اچھا ڈیڈی یہ جو آپ کے بچوں کی تصویر ہے نا

اور یہ آپ اور امی جو درمیاں میں بیٹھے ہیں

مگر ایک بھی بچہ آپ جیسا نہیں ہے

خوش شکل، خوش مزاج، خوش لہن، خوش ذہن

آپ پھر مسکرا رہے ہیں مجھ پر۔

میری ان اوٹ پٹانگ باتوں پر

اچھا ڈیڈی سو جائیے

آپ تھک گے ہو نگے

لیٹ جائیے نا میں آپ کے ناخن کاٹ دیتا ہوں

بہت ہی احتیاط سے آپ بالکل فکر نہ کیجیے

اور یہ بال بھی دیکھیے کچھ لمبے ہوگئے ہیں

میں آپ کا وہی اسٹائل بنا دیتا ہوں

وہی جس پر آپ کے فینز دیوانے تھے

لڑکیاں خوب اٹو گراف لیتی تھی نا آپ سے

مجھے معلوم ہے ڈیڈی آپ کو بالوں میں تیل اچھا نہیں لگتا

اچھا پھر گرم بھیگے تولیے سے سر کی مالش میں کر دیتا ہوں

چلیں کچھ نہیں تو آپ کا سر دبا دیتا ہوں، پاوں دبا دیتا ہوں؟

اور نہیں تو کم از کم گرم پانی میں ہی کچھ دیر ٹب میں بیٹھ جائیے

بدن کو بہت سکون ملتا ہے

اچھا یوں کرتے ہیں کچھ دیر کمرے سے باہر ٹہلتے ہیں

یا پھر گھر سے باہر دھوپ میں بیٹھتے ہیں

یا پھر غزلیں سنتے ہیں اور پرانے گیت ٹی وی پر

یا میں آپ کو فیض کی شاعری پڑھ کر سناتا ہوں؟

آپ کے اپنے مشاعرے دکھاتا ہوں

اچھا اچھا۔ وعدہ میرا

میں اب اپ کو بالکل تنگ نہیں کرتا

بس آپ اتنا سا کر دیجیے

اپنے کمرے میں واپس آ جائیے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).