ایف آئی اے: ’طالبان کے امیر ملا منصور کا کراچی میں کاروبار‘


سنہ 2016 میں 21 مئی کو ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کے پاس سے پاکستانی قومی شناختی کارڈ برآمد ہوا تھا
2016 میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور کے پاس سے پاکستانی قومی شناختی کارڈ برآمد ہوا تھا

پاکستان میں تحقیقاتی اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان کے امیر ملا منصور کراچی میں ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرتے تھے، ان کے نام پر متعدد پلاٹس، فلیٹس اور رہائشی منصوبے ہیں جنہیں سیل کردیا گیا ہے۔ ملا منصور 2016 میں ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے ملا منصور پر جعل سازی کا مقدمہ بھی درج کیا ہے۔ اس ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملا منصور کے حوالے سے ایف آئی اے کراچی یونٹ کے سامنے یہ حقیقت آئی کہ محمد ولی ولد شاہ محمد اور گل محمد ولد سعید امیر علی کے شناختی کارڈوں میں جو کوائف دیئے گئے وہ وہی تھے جو ملا منصور کے شناختی کارڈ میں موجود تھے۔

یف آئی اے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر 1267 کے باوجود ، جس میں اسامہ بن لادن اور ان کے ساتھیوں اور طالبان کو دہشت گرد قرار دیا گیا تھا، ملا منصور کراچی میں جائیدار کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتے رہے اور 6 غیر منقولہ املاک کے مالک تھے۔ جن میں پلاٹ، فلیٹس اور رہائشی منصوبے شامل ہیں جو گلشن معمار، کے ڈی اے اسکیم نمبر 45، شہید ملت روڈ پر واقع جنہیں سیل کردیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیاقی ادارے کی تحقیقات کے مطابق ملا منصور اپنے فرنٹ مین عمار ولد محمد یاسر کے ذریعے یہ کاروبار کرتے تھے۔ ملا منصور کے مختلف بینکوں میں کھاتے بھی موجود تھے ان کھاتوں کے لیے ملا منصور نے اقرا اسٹیٹ ایجنسی کا نام استعمال کیا تھا، لیکن بعد کی تحقیقات کے مطابق ملا منصور کا اس ایجنسی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ایف آئی اے کی ایف آئی آر کے مطابق ملا منصور نے محمد ولی اور گل محمد کے نام سے جعلی شناختی کارڈ حاصل کیے تھے اور جعلی کوائف پر مالی سرگرمیوں میں ملوث رہے۔ اس جرم میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی دفعات کے تحت ملا منصور عرف محمد ولی عرف گل محمد اور ان کے فرنٹ مین عمار کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ بینک حکام اور نادارا حکام کے کردار کا بھی تعین کیا جائےگا۔

واضح رہے کہ افغان طالبان کے سربراہ ملا منصور بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے وہ ایک ٹیکسی میں مقامی ہوٹل میں دوپہر کا کھانا کھا کر جیسے ہی روانہ ہوئے تو چند کلومیٹر دور ڈرون نے ان پر حملہ کیا جس میں وہ ڈرائیور سمیت ہلاک ہو گئے۔

ملا منصور سے ملنے والے شناختی کارڈ میں ان کا پتہ بسم اللہ ٹیرس سہراب گوٹھ تحریر تھا، جبکہ ان کے پاس ولی محمد کے نام سے پاسپورٹ موجود تھا، جس پر وہ متعدد بار بیرون ملک بھی سفر کرچکے تھے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے ان سے ملنے والی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تحقیقات کر رہا ہے جس کے دوران ان کی املاک کا معلوم ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp