عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل میں سی کلاس میں رکھا گیا ہے
عرفان صدیقی کا تعلق راولپنڈی کے علمی خانوادے سے ہے۔ وہ جماعت اسلامی کے مرحوم رہنما اور دانش ور نعیم صدیقی کے بھانجے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جسٹس شوکت عزیزصدیقی, عرفان صدیقی کے ماموں زاد بھائی ہیں۔ عرفان صدیقی کے بھائی ڈاکٹر شاہد صدیقی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہ چکے ہیں اور ان دنوں نیشنل یونیورسٹی فار فارن لینگویجز میں ریکٹر کے عہدے پر فائز ہیں۔
عرفان صدیقی ایف جی سرسید کالج مال روڈ راولپنڈی میں طویل عرصہ درس وتدریس سے منسلک رہے۔ ان کے شاگردوں میں دیگر نامور شخصیات کے علاوہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیرحیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق وفاقی وزیر اعجازالحق بھی شامل ہیں۔
عرفان صدیقی سابق صدر رفیق تارڑ کے پریس سیکرٹری اور نوازشریف کے سپیچ رائٹر اور مشیر بھی رہے۔ متعدد کتب کے مصنف ہیں اور پاکستان کے بڑے اخبارات میں کئی برس تک کالم نگاری بھی کرتے رہے ہیں۔ وہ بطور پروفیسر ریٹائر ہونے کے بعد بھی مختلف اعلیٰ مناصب پر فائز رہے۔
اطلاعات کے مطابق عرفان صدیقی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس کی بجائے سی کلاس میں رکھا گیا ہے۔ ان کی عمر 78 برس ہے اور وہ بلڈ پریشر اور شوگر کے امراض میں مبتلا ہیں۔


