حفیظ شیخ کو جیل میں ڈال کر پوچھیں کہ کروڑوں کہاں گئے؟ آصف زرداری


سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت حفیظ شیخ کو بھی جیل میں ڈالے اور پوچھے کہ ہزاروں کروڑوں روپے کہاں گئے؟

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میگا منی لانڈرنگ کیس سے متعلق آصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی۔  قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو سخت سیکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔

 نیب حکام نے عدالت سے آصف زرداری اور فریال تالپور کے مزید 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب کی استدعا پر آصف زرداری نے عدالت کے جج محمد بشیر سے کہا کہ ریمانڈ میں عید کے بعد تک توسیع کر دیں۔

اس پر جج نے کہا کہ عید کے بعد تک ریمانڈ میں توسیع نہیں کر سکتے، ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 2 ہفتوں کا ریمانڈ ہو سکتا ہے۔ عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے آصف زرداری اور فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع کر دی جب کہ ملزمان کو 8 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

گزشتہ سماعت میں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے عدالت کو پیش کیے گئے اخباری تراشوں پر ان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل بھی دیئے۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے نے وزیر اعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ ہزاروں کروڑوں کھا گئے، پھر عبدالحفیظ شیخ کو بھی ہمارے ساتھ پکڑیں، انہیں بھی جیل میں ڈالیں اور پوچھیں کہاں ہیں ہزاروں کروڑوں روپے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).