مریم نواز کا بیانیہ مزاحمت کا بیانیہ ہے اور اسے عوام کی تائید حاصل ہے: عرفان صدیقی


صحافی اعزاز سید کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے معروف دانشور اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خصوصی مشیر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ (نواز) میں مریم نواز کے بیانیے کی حمایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عرفان صدیقی نے کہا کہ شہباز شریف صاحب کا بیانیہ حکمت کا بیانیہ ہے اور میں ہمیشہ حکمت کا ساتھ دیتا ہوں۔ لیکن مریم کا بیانیہ جدوجہد کا بیانیہ ہے۔ ایک نوجوان بیانیہ ہے۔ مزاحمت کا بیانیہ ہے۔ دنیا کی تاریخ میں آپ کوئی چیز بھی مزاحمت کے بغیر، ہمت کے بغیر اور بہادری کے بغیر حاصل نہیں کر سکتے۔ قفس کی تیلیاں محض پھڑپھڑانے سے اور دعائیں مانگنے سے نہیں ٹوٹتیں۔ اس کے لئے آپ کو یا تو چونچ مارنی ہے یا پنجہ مارنا ہے۔ تو یہ چونچ یا پنجہ بڑی بنیادی بات ہے حکمت کے ساتھ ساتھ۔ مین ان دونوں بیانیوں کو متضاد نہیں سمجھتا۔ ان دونوں کا امتزاج چاہیے لیکن آپ قومی سطح پر اور عوام کی سطح پر دیکھتے ہیں تو مریم کے بیانیے ہی کی پذیرائی ہو رہی ہے۔ لوگ اسی کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ آپ نے حال ہی مین منڈی بہاؤالدین اور فیصل آباد کے جلسے دیکھے ہوں گے۔ اس سے لگتا ہے کہ عوام کے جذبات مریم نواز کے بیانیے کے ساتھ ہیں۔

عرفان صدیقی نے ایک ذیلی سوال کے جواب میں کہا کہ مریم نواز کا بیانیہ موثر ہے۔ میرے خیال میں اس کے لئے میری تائید کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ بیانیہ اپنی افادیت ثابت کر چکا۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).