راکھی ساونت نے شادی کی خبروں کی تردید کر دی


 

بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت کی شادی کی خبریں ان دنوں خوب گرم ہیں تاہم انھوں نے ان خبروں کو من گھڑت اور جھوٹ قرار دیا ہے۔

اداکارہ راکھی ساونت نے کچھ ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ بہت جلد شادی کرنے والی ہیں اور اپنی زندگی کے اہم ترین ایونٹ کا نہ صرف اعلان کریں گی بلکہ انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور میڈیا کو بھی مدعو کریں گی۔ دوسری جانب راکھی ساونت کی سوشل میڈیا پر کچھ ایسی تصاویر شئیر کی گئی ہیں جن میں وہ شادی کا لباس زیب تن کیے اور ہاتھ میں مہندی لگائے کھڑی ہیں، ان کے ہاتھ میں پھولوں کا گلدستہ بھی موجود ہے۔

ان تصاویر کے بعد یہ کہا جارہا ہے کہ یہ انکی شادی کی تصاویر ہیں جس میں صرف ان کے قریبی دوست اور خاندان کے افراد شریک ہوئے۔ راکھی ساونت نے شادی کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انکے ایک فوٹو شوٹ کی تصاویر ہیں جو انھوں نے ایک کمپنی کے لئے حال ہی میں مکمل کروایا، انھوں نے شادی نہیں کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا اگر کوئی انگوٹھی پہن لے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ اسکی شادی ہو گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).