عید کے بعد مراد علی شاہ اور احسن اقبال کی گرفتاری کا قوی امکان: ڈاکٹر شاہد مسعود


عظیم تجزیہ کار ، قیامت کی پیش گوئیوں کے ماہر اور بین الاقوامی پورن مافیا کے خصوصی محقق ڈاکٹر شاہد مسعود نے انکشاف کیا ہے کہ عید کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی گرفتاری کا امکان ہے، اگروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کوگرفتار کیا جاتا ہے توسندھ میں سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔

انہوں نے نجی ٹی وی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چند دنوں میں وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ جانے سے پہلے پہلے بہت سے واقعات ہو جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اگلے مہینے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے جائیں گے۔

خصوصی سکالر ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور خطے میں نئے محاذ اور بڑی جنگیں سامنے آرہی ہیں۔ سفارتی محاذ پر بھی جنگ جاری ہے ۔ بھارتی وزیرخارجہ چین پہنچے ہیں۔ ایک کشمیر اور دوسرا چین کا بھارت سے مسئلہ ہے۔ زلمے خلیل زاد بھی بھارتی وزیرخارجہ سے ملے ہیں۔

شاہد مسعود نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی اب آئینی ترامیم کو واپس نہیں لے سکتے، جبکہ پاکستان اب یہاں رک نہیں سکتا۔ کشمیر پاکستان کاحصہ ہے، پاکستان کی یہی خارجہ پالیسی رہی ہے۔ موجودہ حالات میں پاکستان باکل خاموش نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اگر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کوگرفتار کیا جاتا ہے توگرفتاری سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا، اس سے پہلے احسن اقبال یا مسلم لیگ کی مزید قیادت کو گرفتار کیا جاتا ہے تو اس سے بھی سیاسی عدم استحکام مزید بڑھے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).