قوم پرستی اہم ہے یا پُر امن مستقبِل: مہوش حیات


مہوش حیات

یونیسیف کی سفیر برائے امن اور اداکارہ پرینکا چوپڑہ اس وقت انڈیا میں سوشل میڈیا پر تعریفیں بٹور رہی ہیں لیکن دنیا کے دوسرے ممالک کے صارفین نے ان کے حالیہ رویے کی تنقید بھی کی ہے۔

لاس اینجلِس میں ایک تقریب کے دوران ایک پاکستانی خاتون عائشہ ملک کے ساتھ ان کا رویہ کچھ لوگوں کو پسند نہیں آیا۔ جنوری میں پاکستان کے ساتھ فوجی کشیدگی کے دوران پرینکا نے ٹوئٹر پر بھارتی فوج کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جے ہند کا نعرہ لگایا تھا۔

عائشہ ملک نے پرینکا کی اسی ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ان سے سوال کیا جس پر بظاہر پرینکا بیزار نظر آئیں لیکن خود کو سنبھالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک درمیانے راستے پر چلنا پڑتا ہے اور یہ کہ وہ ایک محبِ وطن بھی ہیں۔

انڈیا میں ‘حب الوطنی یا قوم پرستی’ کے بخار کی پرینکا اکیلی شکار نہیں ہے۔ دراصل اس وقت انڈیا میں ‘محبِ وطن یا قوم پرست ہونا ضرورت بھی ہے اور فیشن بھی ہے کیونکہ مودی حکومت میں اب یہ بقا کا سوال اور کامیابی کی سیڑھی ہے۔ کچھ لوگوں کا یہ سوال اپنی جگہ جائز بھی کہ کیا پرینکا نے یونیسیف کی بنیادی اقدار کو ٹھیس پہنچا کر ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے پرینکا کی ‘حب الوطنی’ کا انتہائی خوبصورت جواب دیا ہے۔ مہوش نے نہ تو کسی کو ڈانٹ لگائی اور نہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور نہ ہی پرینکا کی طرح، جیسا انہوں نے عائشہ کے ساتھ کیا، کسی کو نیچا دکھانے کی کوشش کی۔

ناروے میں ایک تقریب کے دوران مہوش نے انتہائی پر وقار اور مودبانہ انداز میں فلم انڈسٹری کی ذمہ داریوں اور انڈسٹری کے لوگوں کو مثبت انداز میں کام کرنے کی اپیل کی۔

مہوش کا کہنا تھا ‘فلم انڈسٹری پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ سنیما ایک طاقتور آلہ ہے جو لوگوں کا نظریہ، ذہن اور رویہ بدلنے کی طاقت رکھتا ہے اور اس کا استعمال سمجھداری سے کیا جانا چاہیے۔ فلموں میں کسی بھی ملک کو منفی انداز میں پیش کرنے کے بجائے اس کے اچھے پہلوؤں اور خوبیوں کو بھی پیش کیا جانا چاہیے۔‘

لوگوں کو اقوام متحدہ کی گڈ وِل سفیر پریانکا سے توقع تھی کہ وہ انسان دوستی اور غیر جانبداری کا پیغام پوری دنیا تک پہنچائیں گی

مہوش کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ نے بھی اپنی فلموں میں ہمیشہ پاکستان کو غلط روشنی میں دکھانے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ تاریخ، سیاست اور ذہنیت کے پس منظر میں غیر جانبدار رہنا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ مہوش کا کہنا تھا کہ انہیں یہ طے کرنا ہوگا کہ قوم پرستی اہم ہے یا پُرامن مستقبل۔

مہوش کی کا یہ جملہ بہت گہرا ہے کہ قوم پرستی اور پرامن مستقبل میں زیادہ کیا اہم ہے لیکن اس وقت انڈیا میں پاکستان بِکتا ہے اور بہت سے فنکار یا فلسماز پاکستان پاکستان کھیل کر ہی حکومت کی نظروں میں اوپر اٹھنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔

اور اب ذکر ایک ایسی اداکارہ کا جو شہرت سے گمنامی کا سفر طے کرنے کے بعد اکہتر سال کی عمر میں اس ہفتے انتقال کر گئیں۔

آج کی نسل اداکارہ دویا سنہا کو شاید ہی جانتی ہو لیکن ستتر کی دہائی میں ایک سادہ اور عام سے نظر آنے والی اس لڑکی نے فلم پتی پتنی اور وہ، رجنی گندھا اور چھوٹی سی بات جیسی فلمیں کر کے اپنا ایک خاص مقام بنایا تھا۔ فلموں سے غائب ہونے کے کافی عرصے بعد ودیا نے ٹی وی سیریلز سے واپسی کی تھی اور ان کا سب سے تازہ ٹی وی سیریل کلفی کمار باجے والا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp