مسئلہ کشمیر پر وینا ملک کی ٹوئٹری ٹوں ٹاں


جب سے کشمیر انڈیا کا حصہ بنا ہے ٹوئٹر پر روزانہ ”کشمیر بنے گا پاکستان،“ ”سٹینڈ ود کشمیر،“ ”الجہاد الجہاد“ وغیرہ کے نام سے ٹرینڈز چل رہے ہوتے ہیں۔ ٹرینڈز ماشاءاللہ سے نامی گرامی مجاہدین فرحان ورک عرف جعلی اکاؤنٹس، زید حامد عرف غرطانیہ، وینا ملک عرف میگزین کی تصویر والی سرکار، وقار زکا عرف ٹریمر جیسی معروف شخصیات چلاتے ہیں۔ وہ قصہ تو آپ سب نے سنا ہوگا جب سرگودھا کے ملک کی ماں نے بادشاہ کو پیغام میں کہا تھا کہ اگر بات ملک حضرات تک پہنچ آئی ہے تو بہتر ہے کہ صلح کرلیں۔

اب بھی اگر بات وینا ملک، فرحان ورک اور وقار زکا تک پہنچ آئی ہے تو بہتر ہے ہم صلح کے بارے میں سوچیں یا ملک کو مزید بدنامی سے بچانے کی خاطر ان صاحبان سے گزارش کریں کہ اے سی میں بیٹھ کر یاوہ گوئی سے قوم کے حوصلے بڑھتے نہیں بلکہ اور پست ہوتے ہیں لہٰذا آپ کی خاموشی میں ہی ملک کا بھلا ہے۔

کل ایک عجیب و غریب ٹرینڈ فرحان ورک یوٹیوبرز کے خلاف چلا رہا تھا کہ وہ کیوں خاموش ہیں کشمیر کے معاملے میں۔ لیکن کسی نے فرحان ورک کو نہیں سمجھایا کہ بھئی یوٹیوبرز سے کشمیر کے معاملے میں توقعات رکھنا فوج کی بدنامی ہے۔ لاکھوں کی فوج جس پر ہم خرچ بھی کرتے ہیں اور ناز بھی کرتے ہیں ٹینک بھی ہے، ٹریننگ بھی، جہاز بھی ہے اور جذبہ بھی لیکن اس کے باوجود وینا ملک سے قوم کو جہاد کے لئے تیار کرانا یا چند کم عقل قبائلیوں کو جنگ کے لئے تیار کرنا فوج کی بدنامی ہے لہذا ہمیں اپنی فوج پر یقین کرنا ہوگا۔ اور مجھے یقین ہے کہ ملک کی شہ رگ کٹنے پر فوج مزید خاموش نہیں رہے گی۔ جیو اور اے آروائی پر منہ توڑ جواب دینے کی بجائے عملی طور پر انڈیا کو کشمیر میں منہ توڑ جواب دے گی اگر ہم اپنی شہ رگ پر حملے کے بعد بھی خاموش رہے تو ہم کہیں کے نہیں رہیں گے۔

کہتے ہیں ایک غیر مسلم نے اسلام قبول کیا تو مسلمانوں نے پکڑ لیا کہ اسلام قبول کیا ہے تو اب ختنہ بھی کرنا ہوگا۔ نومولود مسلم ختنے کا سنتے ہی بھاگنے لگا۔ راستے میں کسی نے بھاگنے کی وجہ پوچھی تو اس نے بغیر رُکے جواب دیا ”دھرم بھی گیا اور اب ۔۔۔ رہی سہی کے پیچھے پڑے ہیں۔“

لہذا خیال رکھنا ہوگا کہیں ہمارے ساتھ بھی وہ نہ ہوجائے کہ کشمیر بھی چلا جائے، فرحان ورک اور وینا ملک کی وجہ سی عزت سادات بھی جاتی رہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).