مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت پر سابق بھارتی وزیر خزانہ چدم برم گرفتار


سابق بھارتی وزیر خزانہ اور کانگریس کے رہنما پی چدم برم کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف مسلسل بیانات دینے پر گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی وزیر خزانہ پی چدم برم کو بھارتی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے دہلی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا، گرفتاری کے بعد چدم برم کو سی بی آئی ہیڈ کوارٹر لے جایا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چدم برم کی گرفتاری آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کے معاملے میں دہلی ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت مسترد ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ سی بی آئی حکام دہلی میں ان کی قیام گاہ پر دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے تھے۔

دو روز قبل ہی انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مودی سرکار پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر طرف اسکول کھلے ہیں مگر ان میں کوئی طالب علم نہیں۔ یہ نارمل ہے۔ انٹرنیٹ بند ہے اور یہ نارمل ہے۔ محبوبہ مفتی کی بیٹی کو بھی نظر بند کر دیا اور یہ نارمل ہے۔ حیران مت ہوں، مودی سرکار نارمل کی نئی تعریف متعین کر رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).