بلوچستان: 50 ہزار بچوں کے والدین کا پولیو ویکسی نیشن سے انکار


بلوچستان میں پولیو ویکسی نیشن سے انکاری والدین کی تعداد بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے، تقریباً 50 ہزار بچوں کے والدین نے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا ہے۔

بلوچستان میں انکاری والدین کی وجہ سے 50 ہزار بچے پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم ہیں، انکار کرنے والدین اور کوئٹہ بلاک میں شامل اضلاع میں نالے کے پانی میں وائرس کی موجودگی کے مسلسل خطرات موجود ہیں۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو کے کوآرڈینیٹر رزاق کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں انکاری والدین کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 50 ہزار بچوں کو ان کے والدین پولیو کےقطرے پلانے سے انکاری ہیں ایسے والدین کی سب سے زیادہ تعداد کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللّٰہ میں ہے جو کہ ایک المیہ ہے، اس کی ایک بڑی وجہ آگہی میں کمی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ پولیو سے انسداد کی ٹیمیں بھی مختلف وجوہات کے باعث تمام بچوں تک نہیں پہنچ پاتی ہیں اور سیکیورٹی کے وجوہات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکاری والدین کو ہر طرح سے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ 5 سال تک کے ہر بچے کو پولیووائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، جس کے لیے خصوصی مہمات بھی چلا رہے ہیں۔

رزاق کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں رواں سال پولیو وائرس کے 4 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، ان میں سے 2 کیسز قلعہ عبداللّٰہ اور 2 کوئٹہ اور جعفر آباد سے رپورٹ ہوئے، متاثرہ بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ مسلسل کیسز رپورٹ ہونے کی ایک بڑی وجہ کوئٹہ میں گزشتہ 10 ماہ سے انوائرنمنٹل سیمپل میں وائرس کی موجودگی ہے، یہی وجہ ہے کہ پولیو وائرس کے حوالے سے کوئٹہ، قلعہ عبداللّٰہ اور پشین خطرناک ہیں۔

کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیو ویکسین کے مضر اثرات نہیں ہیں، پوری دنیا نے یہی ویکسین استعمال کر کے وائرس سے چھٹکارہ حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب کوئٹہ اور پشین میں انسدادِ پولیو کی مہم دوسرے روز بھی جاری رہی۔ صوبے بھر میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے خصوصی پولیو مہم 7 روز تک چلائی جائے گی۔ اس مہم کے دوران تقریباً 5 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، صوبے کے 4 اضلاع میں مہم بدھ سے شروع ہوگی، ان میں جعفر آباد، نصیر آباد، جھل مگسی اور صحبت پور شامل ہیں، جبکہ پولیو ہائی رسک ضلع قلعہ عبداللّٰہ میں مہم 2 ستمبر سے شروع ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).