رحیم یارخان: اے ٹی ایم چور صلاح الدین ایوبی دوران حراست ہلاک


رحیم یارخان میں اے ٹی ایم مشین توڑنے اور کیمروں کو منہ چڑانے والا ملزم پولیس کی حراست میں دم توڑ گیا۔ پولیس کےمطابق ملزم صلاح الدین حوالات میں عجیب حرکتیں کر رہا تھا اس دوران ملزم کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن دوران علاج وہ دم توڑ گیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کےبعد شیخ اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کر دیا گیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو وائل ہوئی، جس میں ایک شخص کو فیصل آباد میں ایک آٹومیٹک ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) کو توڑنے کے بعد اس میں سے کارڈ چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ اس  دوران اس شخص نے بوتھ کے کنارے پر لگے کیمرے اور اے ٹی ایم مشین میں نصب کیمرے کو زبان بھی چڑائی تھی۔

بعد ازاں جمعہ کو یہ شخص رحیم یار خان میں شاہی روڈ پر حبیب بینک لمیٹڈ کے اے ٹی ایم بوتھ میں داخل ہوا اور جب وہ مشین کے بیرونی حصے کو توڑنے میں مصروف تھا کہ اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

ضلعی پولیس افسر کے ترجمان ذیشان رندھاوا نے بتایا تھا کہ چور کی شناخت صلاح الدین ایوبی کے نام سے ہوئی اور وہ گوجرانوالہ کے ضلع کامونکے کا رہائشی ہے۔ ملزم نے ماضی میں گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد اور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں متعدد اے ٹی ایم توڑے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کو 3 مرتبہ پہلے بھی گرفتار کیا گیا لیکن خود کو گونگے کے طور پر ظاہر کرنے پر اسے چھوڑ دیا گیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ ‘گزشتہ روز جب لوگوں نے صلاح الدین ایوبی کو پولیس کے حوالے کیا تو ابتدائی طور پر یہ تاثر ڈالا گیا کہ وہ بولنے سے محروم ہے لیکن بعد ازاں تفتیش کاروں کے سامنے اس نے بیان دیا’۔

 

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).