چودھری نریندر دامودھر مودی، بڑا آیا وڈا تایا


\"wisi-baba\"

نواب چودھری وڈیرے ڈھیر سارے عشق کیا کرتے تھے۔ کافی ساری شادیاں کر مر لیتے تھے۔ نوابی پر اصل حق پھر بھی بڑی بیگم کی اولاد کا رہتا تھا۔ یہ بڑی بیگمات خود بھی نواب خاندانوں سے ہی ہوا کرتی تھیں۔ محلاتی سازشوں میں بڑی بیگم کی اولاد کے علاوہ باقی سب چھوٹی لائین کے نواب کہلاتے تھے۔ ہوتے یہ نواب ہی تھے پر شاہی رکھ رکھاؤ میں ڈھیلے ماٹھے ہوتے تھے اکثر۔

آپ کو چھوٹی لائین کے نواب کی سمجھ نہیں آئی۔ کہ کیسا ہوتا تو نواب اسرائیل پر غور فکر کر لیں ویسا سا ہی ہوتا۔ جیسا ان بازاروں میں پھرتے نوابی نشان ہوتے ہیں۔ جیسی وہ حرکتیں کرتے ہیں۔ پھر بھی سمجھ سمجھ نہیں آئی۔ تو بھارت کو دیکھ لیں جو چھوٹی لائین سے ہو کر چودھری بننے چلا ہے۔ یہ چھوٹے چودھری نسلی طور پر ہوتے تو بڑے چودھریوں جیسے ہی ہیں، مگر ان کی تربیت اور اس سے پھوٹنے والا رکھ رکھاؤ انہیں چھوٹا نواب بنا دیتا ہے۔

چھوٹی لائین کا چودھری تھا۔ اپنی بیگم جو بڑی لائین کی چودھرانی تھی اس سے بزت ہو رہا تھا۔ چودھری تو بڑے عزم حوصلے استقامت سے اپنی بزتی کرا رہا تھا۔ برا ہو اس مراثی کا جو بے وقت گھر میں داخل ہو گیا۔ اس نے چودھری صاحب کو ککڑ حال دیکھ لیا۔ چودھرانی نے خیال کیا اور سائیڈ پر چلی گئی۔ چودھری کو بھی یاد آ گیا کہ جو ہو رہی تھی اس سے چودھراہٹ پر حرف آتا ہے۔

چودھری نے اپنے مراثی کو دیکھا اور بولا۔ میں نے یہ رکھنی تو کوئی نہیں اسے طلاق دے دینی ہے۔ مراثی پورا مراثی تھا بولا۔ چھڈو چودھری صاحب، جو نکاح نہیں مانتی وہ طلاق کدھر مانے گی۔

تو مودی جی ممبئی پٹھان کوٹ اڑی اور پتہ نہیں کہاں کہاں آپ کا دفاع ہم نے دیکھا ہم نے جانا ہم نے مانا۔ آپ کے سٹرائیک ہم اب کدھر مانتے ہیں۔ دنیا بھی نہیں مانتی۔ سب کا ہاسا ہی نکل جاتا اپ کے دعوے سن کر۔ وہ عربی میں کہتے ہیں کہ اخے یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔

\"narendmodi_ap_3march2\"

قصہ آپ کو تایا جی بلکہ وڈے تایا جی کا سنانا تھا۔ نام تو پتہ نہیں ان کا کیا تھا کہتے انہیں سب تایا تھے۔ تایا کے ساتھ مختلف حادثات ہوتے رہے۔ ان حادثوں کی وجہ سے پیسے ان کو وافر مل گئے۔ مت پوچھیں کیسے بس ایسے کہ ابا مرا اس کے بھائی مرے تو جائداد مل گئی۔ اب تایا کو چودھراہٹ کا شوق ہو گیا۔

شروع شروع میں تو وہ جب کسی پنگے میں گھستے۔ ان کی مداخلت پر انہیں یہی سننا پڑتا توں کم کر اپنا آیا وڈا تایا۔ پھر ہوا یوں کہ پنڈ کے وڈے چودھری کا دھیان پڑ گیا۔ اس نے تایا کی عزت کرنا شروع کر دی۔ خرچہ تایا سے کراتا ہر جگہ انہیں ساتھ رکھتا۔ فیصلے اپنی مرضی سے کرتا لیکن تایا سے بھی پوچھ لیا کرتا۔ تایا کی شو شا بن گئی۔

تایا کا اب دل کرے کہ وہ چودھریوں کی طرح اپنا ٹیرر بھی بنائیں۔ پنڈ میں اک روٹین کا کیس ہوا۔ کسی کے باغ سے مالٹے توڑنے کا ۔ یہ نہ تو چوری تھی نہ چرانے والے کہیں باہر کے تھے ۔ ایک ہی پنڈ کے لڑکے تھے ۔ انہوں نے اپنے ہی مامے چاچوں کے باغ سے مالٹے توڑے تھے۔ رولا بس اتنا تھا کہ جس کا باغ تھا اس کے ساتھ بول چال بند تھی۔

چودھری صاحب پنڈ میں موجود نہ تھے۔ تایا نے موقع اچھا جانا پہنچ گئے فیصلہ کرنے۔ معصوم چور اپنے دو تین بزرگوں کے سامنے بیٹھے ان کا وعظ سن رہے تھے۔ نوجوان تھے اس لئے الزام سے انکاری تھے۔ مالٹوں کو اپنا حق بتا رہے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ کیا ہوا ماموں خفا ہے باغ تو ہمارے نانا کا ہی ہے۔ تایا نے صورتحال سمجھے بغیر جوتا اتارا اعلان کر دیا کہ چوروں کی بس لتریشن ہی فرض ہے۔

چوروں نے پھر تایا کو لما لٹا لیا اور تسلی سے ان کی تب تک مرمت کی۔ جب تک انہیں لڑکوں کے بڑوں نے کسی طرح چھڑا نہ لیا۔

\"narendra-modi\"

کئی دن تایا کا منہ ایک سائڈ سے سوجا رہا۔ ایک آنکھ بند رہی وہ غور فکر کرتے رہے۔ بہت سوچ کر انہیں سمجھ آئی کہ ایسے بات نہیں بنے گی۔ اب پنڈ کے چودھری کو چیلنج کرنا ہو گا۔ تب ہی ان کا ٹیرر قائم ہو گا۔ چیلنج کرنے کو کوئی بہانہ نہیں تھا۔ تایا کی عقل ٹھیک مودی صاحب سے کراس تھی۔ انہوں نے شاندار فیصلہ کیا۔ اپنے سے دگنے سائز آدھی عمر کے چودھری کو تب ایک ودیا سی گالی دے دی۔ جب سورج سر پر چمک رہا تھا چودھری کا گرمی سے برا حال تھا۔

اس کے بعد سارا پنڈ تایا کی عیادت کو گیا۔ تایا بہت تفصیل سے قصہ سناتے حال پوچھنے آنے والوں کو۔ بس پتر میں نے چودھری کو ٹوں ٹوں بولا۔ اس نے چک کے مجھے تھلے رکھ لیا۔ بس پھر وہ اوپر تھا میں نیچے۔ اس کو پھر نیچے لیٹ کر میں نے وہ پھڑکایا ہے کہ ساری عمر یاد رکھے گا۔ یہ بتا کر چپ کرنے سے پہلے ان کی ہائے نکل جاتی۔

پنڈ والے تایا جی تو اب نہیں رہے ۔ مودی جی کو دیکھ کر وہی مسکراہٹ لوٹ آئی ہے۔ جو تایا جی کو آتے دیکھ کر سب کے چہروں پر آیا کرتی تھی۔ کہ آیا ای وڈا تایا۔

Facebook Comments HS

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 407 posts and counting.See all posts by wisi