پاکستان اور ایران میں گیس پائپ لائن معاہدے میں پانچ سالہ توسیع پر اتفاق


نجی ٹی وی جیو نیوز نے انٹر سٹیٹ گیس سسٹمز کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کی تاریخ میں 5 سال توسیع پر اتفاق ہو گیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اپنے حالیہ اجلاس میں معاہدے میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ معاہدے میں توسیع پر دستخط اگلے ہفتے ترکی میں متوقع ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پہلے سے دستخط گیس خرید و فروخت معاہدے کے تحت پاکستان نے یکم جنوری سے گیس درآمد کرنا تھی، ایران پرعائد پابندیوں کے باعث منصوبے پر کام نہ ہو سکا۔ منصوبے میں توسیع سے پاکستان پر منصوبے میں تاخیر پر کوئی جرمانہ نہیں ہو سکے گا، معاہدے کے تحت یکم جنوری 2015 سے ایران سے گیس نہ لینے پر پاکستان کو یومیہ 10 لاکھ ڈالر جرمانہ دینا تھا۔ ایران نے اس حوالے سے ثالثی عدالت میں جانے کے لئے پاکستان کو نوٹس بھی بھیجا تھا ۔

جیونیوز نے انٹر ستیٹ سسٹمز ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مذاکرات کے بعد ایران کو معاہدے کی توسیع پر قائل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان نے ایران کو بتایا ہے کہ عالمی پابندیوں کے باعث منصوبہ مکمل نہ ہونے پر پاکستان کو جرمانہ نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کو آئی پی گیس پائپ لائن سے یومیہ 75 کروڑ مکعب فٹ گیس مل سکے گی۔

اطلاعات کے مطابق معاہدے پر وزارت پٹرولیم کی کمپنی انٹراسٹیٹ گیس سسٹمز اور ایرانی سرکاری گیس کمپنی دستخط کریں گی۔ معاہدے میں توسیع  2024 تک ہو گی۔ توسیعی عرصے کے دوران بھی ایران پر عالمی پابندیاں ختم نہ ہوئیں تو منصوبے پر کام نہیں ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).