ملک میں بہت جلد نئے الیکشن ہوں گے: کیپٹن صفدر
مسلم لیگ نواز کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ ملک میں بہت جلد نئے الیکشن ہونے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ ملک میں جلد حقیقی تبدیلی آ جائے گی۔
سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ بہت جلد نئے الیکشن ہونے والے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی جنگ کوٹ لکھپت میں جیت چکا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ ’ووٹ کو عزت دو‘ کا نعرہ کامیاب ہو گا۔ کیپٹن صفدر نے کہا کہ جو ڈیل اور 15 ملین ڈالر دینے کی بات کر رہے ہیں، ان کو ہم پانچ ٹکے بھی نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس حرام کا پیسہ ہوتا تو ان کو ضرور پیشکش کرتے۔
سماعت سے قبل پولیس نے وکلا اور صحافیوں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا جس کے خلاف ن لیگ کے کارکنوں نے نعرے بازی کی۔


