عمران خان وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں


وزیراعظم عمران خان وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو تبدیل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نیا وزیر داخلہ مقرر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ نئے وزیر داخلہ کے لیے وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے نام زیر غور ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اعجاز شاہ کی طبعیت نازساز ہے، ان کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کیا جاتا ہے۔ اس وجہ سے وزارت داخلہ کے معاملات متاثر ہو رہے ہیں۔ وزارت داخلہ بہت اہم وزارت ہے اس وجہ سے وزیراعظم عمران خان کو اب ایک نئے وزیر داخلہ کی تلاش ہے۔ پرویز خٹک نے بھی وزارت داخلہ کے قلمدان پر نظریں جمائی ہوئی ہیں۔ اس سلسلے میں حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

خیال رہے رواں سال مئی میں تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کو دل کا دورہ پڑا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ کو ہنگامی طور پر اے ایف آئی سی راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ اے ایف آئی سی راولپنڈی میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے تفصیلی طبی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے وزیر داخلہ کی انجیو پلاسٹی کی۔

وفاقی وزیر داخلہ کے دل کی تین شریانوں کو سٹنٹ ڈال کر کھول دیا گیا۔ انجیو پلاسٹی کے بعد وزیر داخلہ اعجاز شاہ سی سی یو میں زیر علاج رہے۔ ڈاکٹروں نے وزیر داخلہ کو آرام کا مشورہ دیا تھا۔ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث وزیر داخلہ اعجاز شاہ کئی روز کے لئے سیاسی منظر سے غائب رہیں گے۔ دوسری طرف کچھ باخبر صحافی وفاقی کابینہ میں دیگر اہم تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).